ٹائر پھٹنے سے خوفناک حادثہ؛ ڈرائیور جاں بحق، دو مسافر زخمی

لاہور: شہر میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں نجی آن لائن ٹیکسی سروس کا ڈرائیور جاں بحق جبکہ دو مسافر زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق کینسر کیئر اسپتال کے قریب ایک حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک گاڑی کا ٹائر اچانک پھٹ گیا، جس کے باعث کار بے قابو ہو کر سڑک کنارے موجود درخت سے جا ٹکرائی۔
حادثے کے نتیجے میں آلٹو کار نمبر BXL-617 کا ڈرائیور عثمان ولد امین، سکنہ پارک ویو سوسائٹی، موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔
گاڑی میں سوار دو مسافر بھی زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ریسکیو ٹیموں اور متعلقہ اداروں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں مکمل کیں اور صورتحال کو قابو میں لیا۔
حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ حادثہ ٹائر پھٹنے کے باعث پیش آیا، تاہم واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں