ویمن یونیورسٹی ملتان : نئی وائس چانسلر ڈاکٹر شاہدہ بتول نے چارج سنبھال لیا

ملتان (خصوصی رپورٹر) ویمن یونیورسٹی ملتان کی نئی وائس چانسلر ڈاکٹر شاہدہ بتول نے عہدے کا چارج سنبھال لیا ،میرٹ اور ڈسپلن ریڈلائن قرار دے دی ترجمان کے مطابق ویمن یونیورسٹی ملتان کی نئی تعینات وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہدہ بتول نے اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا۔ یونیورسٹی کیمپس پہنچنے پر اساتذہ، افسران اور ملازمین کی جانب سے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا جبکہ انہیں گلدستے پیش کیے گئے۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے سربراہان، انتظامی افسران اور فیکلٹی ممبران کی بڑی تعداد موجود تھی۔ترجمان کے مطابق ڈاکٹر شاہدہ بتول شعبہ نفسیات کی پروفیسر ہیں اور انہوں نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی سے عملی نفسیات میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی انہوں نے 17 پی ایچ ڈی اسکالرز اور 150 سے زائد ایم فل اور بی ایس طلبہ کے تحقیقی مقالوں کی نگرانی کی جبکہ ان کے متعدد شاگرد ملک بھر میں ماہرین تعلیم، محققین اور پیشہ ور ماہرین کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں کورونا وبا کے دوران انہوں نے پنجاب ذہنی صحت ہیلپ لائن کا آغاز کیا جس کو عالمی سطح پر سرہا گیا وہ اس وقت بھی پاکستان سائیکالوجی ایسوسی ایشن کی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہی ہیں۔ان کی پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں انہیں ایچ ای سی بہترین محقق ایوارڈ، بہترین یونیورسٹی استاد ایوارڈ، نمایاں تحقیقی مقالہ ایوارڈ، بعد از ڈاکٹری فیلوشپ ایوارڈ اور فخرِ قوم ایوارڈ سمیت متعدد اعزازات سے نوازا جا چکا ہے ویمن یونیورسٹی پہنچنے کے بعد اساتذہ اور افسروں سے رسمی گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر شاہدہ بتول نے کہا کہ ویمن یونیورسٹی ملتان کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ایک مثالی تعلیمی ادارہ بنایا جائے گا جہاں طالبات کو معیاری تعلیم، تحقیق اور کردار سازی کے بہترین مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ، شفافیت اور احتساب کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے گا جبکہ اساتذہ، افسران اور ملازمین کے باہمی تعاون سے ادارے کو ترقی کی نئی منزلوں تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ میری اولین ترجیح طالبات کیلئے محفوظ، مثبت اور تحقیقی ماحول کی فراہمی ہے تاکہ وہ قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔اس موقع پر یونیورسٹی کے سینئر اساتذہ اور افسران نے بھی خطاب کیا اور ڈاکٹر شاہدہ بتول کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت میں یونیورسٹی تعلیمی، تحقیقی اور انتظامی شعبوں میں مزید ترقی کرے گی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں