ملتان (سپیشل رپورٹر) ملتان میں ٹریفک کی بہتری اور شہری سہولت کے حوالے سے ایک قابلِ تحسین پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ٹریفک پولیس ملتان نے تجاوزات، غیر قانونی اسٹینڈز اور بھتہ خوری کے خلاف بھرپور اور بلاامتیاز آپریشن کے ذریعے شہر کے اہم ترین علاقے وہاڑی چوک اور لاری اڈا ملتان کی صورتحال یکسر تبدیل کر دی ہے۔ یہ کامیابی سی پی او ملتان صادق ڈوگر اور سی ٹی او ملتان کائنات اظہر کے دانشمندانہ فیصلوں اور مؤثر حکمتِ عملی کا نتیجہ ہے، جنہوں نے دبنگ اور فرض شناس ٹریفک وارڈن راجہ سخی سرور کو لاری اڈا سیکٹر میں تعینات کیا۔ ان کی تعیناتی کے بعد سے علاقے میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے، جہاں پہلے عام شہریوں کو گزرنے میں 15 سے 20 منٹ لگ جاتے تھے، اب ٹریفک بغیر کسی رکاوٹ کے رواں دواں ہے۔ وارڈن راجہ سخی سرور نے اپنے فرائض سنبھالتے ہی غیر قانونی ٹرانسپورٹ اسٹینڈز، سڑکوں پر قائم تجاوزات اور بھتہ خور مافیا کے خلاف سخت کارروائیاں شروع کیں۔ ان کی قیادت میں گزشتہ دنوں کے دوران تقریباً 70 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے جبکہ متعدد ویگنوں اور بسوں کو تھانوں میں بند کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ 15 بھتہ خوروں کو گرفتار کر کے ان سے وصول کی گئی رقم بھی پولیس کے حوالے کر دی گئی۔ مزید برآں، غیر قانونی رکشہ اسٹینڈز اور ویگن اڈوں کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ تجاوزات قائم کرنے والے ریڑھی بانوں کے خلاف بھی کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف تجاوزات ختم کروائی گئیں بلکہ ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہاڑی چوک اور لاری اڈا جو کبھی ٹریفک کے بدترین مسائل کا شکار تھے، اب ایک خوبصورت اور منظم منظر پیش کر رہے ہیں۔ اس بہتری کا سہرا ٹریفک پولیس ملتان اور خصوصاً وارڈن راجہ سخی سرور کی انتھک محنت اور بلاامتیاز کارروائیوں کو جاتا ہے۔ یہ اقدامات اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ اگر نیت نیک ہو اور قیادت مضبوط، تو شہری مسائل کا حل ممکن ہے۔ ملتان کے شہریوں نے اس مثبت تبدیلی پر ٹریفک پولیس کی کارکردگی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔







