وزیراعظم شہباز شریف سے قطری وفد کی ملاقات، پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے پر اہم گفتگو

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے قطر کے تعمیر گروپ کے بانی محمد حسین آل علی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح وفد نے اہم ملاقات کی۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قطر پاکستان کا دیرینہ دوست ملک ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تحت سرمایہ کاری کے عمل میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جا رہا ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سیاحت، ہوٹلنگ، ہاسپٹیلٹی، رئیل اسٹیٹ اور تعمیرات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ تعمیر گروپ کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے مکمل سہولت اور تعاون فراہم کیا جائے۔
تعمیر گروپ کے بانی محمد حسین آل علی نے وفد کی جانب سے پاکستان میں جاری اور مجوزہ سرمایہ کاری منصوبوں پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ گروپ پاکستان میں ہوٹلنگ، رئیل اسٹیٹ اور تعمیرات کے شعبے میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتا ہے اور متعدد منصوبوں پر کام شروع کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کے لیے حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ قیادت کے تحت ایس آئی ایف سی سرمایہ کاروں کو بہتر سہولت فراہم کر رہی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں