واٹس ایپ اکاؤنٹس بند ہونے کا خطرہ: پی ٹی اے کا صارفین کو انتباہ

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے واٹس ایپ اکاؤنٹس سے منسلک سمز کے حوالے سے اہم انتباہ جاری کر دیا ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صارفین اپنی ڈیجیٹل شناخت کے تحفظ کے لیے اپنی سمز کی بروقت تصدیق کو یقینی بنائیں۔
اعلامیے کے مطابق اگر واٹس ایپ اکاؤنٹ کسی غیر فعال، بلاک، منسوخ شدہ یا غیر رجسٹرڈ سم سے منسلک ہے تو وہ اکاؤنٹ جلد ناقابلِ رسائی ہو سکتا ہے۔
پی ٹی اے نے کہا ہے کہ صارفین اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کا واٹس ایپ نمبر صرف ایک فعال اور رجسٹرڈ سم کے ساتھ منسلک ہو تاکہ چیٹس، رابطے اور ڈیجیٹل معلومات محفوظ رہ سکیں۔
مزید ہدایت میں کہا گیا ہے کہ اگر ضرورت ہو تو صارفین بائیو میٹرک تصدیق اور سم کی توثیق کے لیے قریبی فرنچائز یا کسٹمر سروس سینٹر سے رجوع کریں۔
غیر فعال سم استعمال کرنے کی صورت میں فوراً واٹس ایپ اکاؤنٹ کو کسی فعال اور تصدیق شدہ نمبر پر منتقل کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
پی ٹی اے نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیر متوقع لاگ آؤٹ کا انتظار نہ کریں کیونکہ موبائل نمبر ہی ان کی ڈیجیٹل شناخت ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں