نوسرباز کاروبار کا جھانسہ دیکر شہریوں سے 4کروڑ ہتھیا کر فرار

کوٹ مٹھن (نامہ نگار) ٹافی گولہ کے کاروبار کا جھانسہ دے کر شہریوں سے مبینہ طور پر تقریباً چار کروڑ روپے کا فراڈ کرنے والا تاجر کراچی فرار ہوگیا۔متاثرہ افراد شیخ وسیم، مولانا صفدر جامی، میاں عدنان، شاہنواز دریشک اور قاری عبدالعلیم نے صحافیوں کو بتایا کہ سید خالد شاہ عطاری قادری کوٹ مٹھن میں ٹافی گولہ ہول سیل کا کاروبار کرتا تھا اور عرصہ دراز سے نئی آبادی میں اپنی فیملی کے ہمراہ رہائش پذیر تھا۔ وہ بظاہر نہایت شریف النفس، مذہبی رجحان رکھنے والا اور محافل میں ثنا خوانی کرنے والا شخص تھاجس کی شخصیت سے لوگ کافی متاثر تھے۔انہوں نے بتایا کہ ملزم کاروبار کے سلسلے میں اکثر قرض لیتا اور وقت پر واپس بھی کر دیتا تھا، جس کی وجہ سے اس پر اعتماد بڑھتا گیا۔ بعد ازاں اس نے کاروبار میں شراکت داری کی پیشکش کی جس پر متاثرہ افراد نے مختلف رقوم بطور سرمایہ کاری دیں۔ ملزم باقاعدگی سے نفع و نقصان سے آگاہ بھی کرتا رہا۔متاثرین کے مطابق ایک ہفتہ قبل ملزم نے شیخ وسیم سے 18 لاکھ، مولانا صفدر جامی سے 17 لاکھ، میاں عدنان سے ساڑھے 14 لاکھ، شاہنواز دریشک سے 26 لاکھ جبکہ قاری عبدالعلیم سے 37 لاکھ روپے وصول کیے اور کراچی سے مال منگوانے کا کہا۔ اس دوران اس نے بطور گارنٹی بینک چیکس بھی فراہم کئے۔چند روز بعد جب متاثرین اس کے گھر پہنچے تو معلوم ہوا کہ وہ اپنی فیملی سمیت کوٹ مٹھن سے فرار ہو چکا ہے۔ متاثرین نے فوری طور پر مقامی پولیس کو تحریری درخواست دے دی ہے اور ملزم کی گرفتاری اور رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔واضح رہے کہ ملزم کے بھائی سے رابطہ کرنے پر انہوں نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سے لاتعلق ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں