ملتان(وقائع نگار)نشتر ہسپتال ملتان کی انتظامیہ کی مبینہ نااہلی اور قواعد کی خلاف ورزی کا انکشاف ہوا ہے، جہاں گریڈ 17 کی چیف سکیورٹی آفیسر کی اہم اسامی پر گریڈ ایک کے ملازم کو تعینات کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ذرائع کے مطابق ارشاد فوجی نامی ملازم جسے بورڈ آف مینجمنٹ نشتر ہسپتال نے سکیل ایک میں بطور درجہ چہارم ملازم تعینات کیا تھا، کو گزشتہ ایک سال سے چیف سکیورٹی آفیسر کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔ یہ عہدہ قواعد کے مطابق گریڈ 17 کا ہے، جس کے لیے باقاعدہ اہلیت اور تقرری کا طریقہ کار مقرر ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ آف مینجمنٹ کے تحت تعینات ملازمین نہ تو مستقل سرکاری ملازم ہوتے ہیں اور نہ ہی ان کا کسی دوسری جگہ تبادلہ کیا جا سکتا ہے۔ مزید برآںایسے ملازمین کو کسی بھی وقت ملازمت سے فارغ کیا جا سکتا ہے اور انہیں کسی فورم پر اپیل کا حق بھی حاصل نہیں ہوتا۔اس صورتحال پر سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ ایک نچلے درجے کے ملازم کو اتنے اہم عہدے پر کس بنیاد پر تعینات کیا گیا اور کیا اس تقرری کے لیے باقاعدہ منظوری لی گئی یا نہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ اقدام نہ صرف انتظامی بے ضابطگی کے زمرے میں آتا ہے بلکہ سکیورٹی جیسے حساس شعبے میں خطرناک بھی ثابت ہو سکتا ہے۔دوسری جانب شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ اداروں میں میرٹ اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جا سکے۔







