نئے مالی سال میں حکومتی ترجیحی بڑے ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات سامنے آگئیں

اسلام آباد: نئے مالی سال 2026-27 کے لیے حکومتی ترجیح میں شامل اہم اور بڑے ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں۔
وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ میں بنیادی انفراسٹرکچر اور عوامی فلاحی منصوبوں کی تکمیل کے لیے خطیر رقوم مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق ملک کے مواصلاتی نظام کی بہتری کے لیے این 25 کوئٹہ روڈ پر 100 ارب روپے، سکھر-حیدرآباد موٹروے کے لیے 30 ارب روپے، مہران ہائی وے کے لیے 21 ارب روپے اور سندھ کوسٹل ہائی وے کے لیے 25 ارب روپے رکھے گئے ہیں، جن سے تعمیراتی شعبے میں نمایاں بہتری کی توقع ہے۔
توانائی کے شعبے میں خود کفالت کے لیے مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور منصوبے کے لیے 26 ارب روپے اور داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لیے 21 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
اسی طرح ریلوے نظام کی جدید کاری کے لیے ایم ایل ون منصوبے کے لیے 25 ارب روپے تجویز کیے گئے ہیں۔
نئے بجٹ میں شہری سہولیات اور سماجی ترقی کے منصوبوں پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے، جس کے تحت کراچی بلک واٹر سپلائی اسکیم کے لیے 10 ارب روپے، دانش اسکولز نیٹ ورک کی توسیع کے لیے 22 ارب روپے جبکہ وزیراعظم نیشنل ہیلتھ پروگرام کے لیے 3 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں