لاہور: معروف اداکارہ میرا کے ایک حالیہ انٹرویو پر ہونے والی شدید تنقید کے بعد صحافی Irshad Bhatti نے اپنا مؤقف پیش کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ میرا اپنی نئی فلم ’’سائیکو‘‘ کی تشہیر کے سلسلے میں ارشاد بھٹی کے پوڈکاسٹ میں شریک ہوئی تھیں، جہاں گفتگو کے دوران میزبان کی جانب سے ان کی نجی زندگی، ماضی کے تنازعات اور مختلف خبروں سے متعلق سوالات کیے گئے۔ ان سوالات میں مبینہ تعلقات، شادی سے جڑی افواہیں اور ایک اسپتال منصوبے کی مالی معاملات جیسے موضوعات بھی شامل تھے۔
اداکارہ نے دورانِ گفتگو بارہا کوشش کی کہ بات کو اپنی فلم تک محدود رکھا جائے، تاہم سوالات کا رخ تبدیل نہ ہونے پر وہ انٹرویو ادھورا چھوڑ کر خاموشی سے چلی گئیں۔
اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر ارشاد بھٹی کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جس پر اب انہوں نے اپنے وی لاگ میں وضاحت پیش کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرا کو پوڈکاسٹ میں مدعو کرنے سے قبل انہیں معلوم ہوا کہ وہ بغیر معاوضے کے انٹرویو نہیں دیتیں، جس کے بعد ایک میڈیا کمپنی کے ذریعے باقاعدہ ادائیگی کر کے انٹرویو طے کیا گیا۔
ارشاد بھٹی کے مطابق انہوں نے وہی سوالات کیے جو ماضی میں اداکارہ کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کے حوالے سے میڈیا میں زیرِ بحث رہ چکے ہیں اور ان کا مقصد کسی بھی قسم کی ذاتی دل آزاری نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ سوال کرنا صحافت کا بنیادی حصہ ہے اور اگر کسی کو ان کے انداز پر اعتراض ہے تو وہ معذرت کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انٹرویو میں کسی قسم کی بدتمیزی یا ذاتی حملہ نہیں کیا گیا۔
صحافی نے مزید کہا کہ اس معاملے پر انہیں اپنے قریبی لوگوں کی جانب سے بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا، تاہم اگر میرا خود بھی اس پر ناراضی کا اظہار کریں تو وہ ان سے بھی معذرت کر لیں گے۔
ارشاد بھٹی نے کہا کہ ماضی میں میرا سے متعلق مختلف معاملات میڈیا میں زیرِ بحث آتے رہے ہیں، لیکن اس بار جس انداز میں انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا وہ غیر متوقع تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بطور مرد کیا انہیں بھی ہراسگی محسوس نہیں ہو سکتی اور کیا سوال کرنا جرم ہے؟
انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بعض افراد نے مکمل انٹرویو دیکھے بغیر ہی تنقید شروع کر دی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ میرا کا احترام کرتے ہیں اور اگر ان کے سوالات سے اداکارہ کو دکھ پہنچا ہے تو وہ معذرت کے لیے تیار ہیں۔







