ملتان(قوم نیوز)محکمہ موسمیات نے جون سمیت آئندہ تین ماہ کے موسمی رجحانات جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں معمول سے کم بارشیں اور معمول سے زیادہ درجہ حرارت متوقع ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت، ہیٹ ویوز، پانی کی قلت اور زرعی شعبے کو درپیش چیلنجز میں اضافہ ہو سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مئی 2026 کے دوران ملک بھر میں اوسط 22.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو معمول سے تقریباً 10 فیصد کم رہی، جبکہ اوسط درجہ حرارت 29.2 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جو معمول سے 0.8 ڈگری زیادہ تھا۔پنجاب میں 29.7 ملی میٹر بارش ہوئی جو معمول سے 19 فیصد زیادہ رہی، تاہم سندھ میں صرف 0.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو معمول سے 91 فیصد کم تھی۔ بلوچستان میں بارشوں کی کمی 71 فیصد رہی جبکہ گلگت بلتستان میں بارشیں معمول سے 33 فیصد زیادہ ریکارڈ ہوئیں۔جون 2026 کے لیے جاری ماہانہ پیش گوئی کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشیں معمول کے برابر یا معمول سے کچھ کم رہنے کا امکان ہے۔ سب سے زیادہ کمی شمال مشرقی پنجاب،کشمیر اور خیبرپختونخوا کے بعض ملحقہ علاقوں میں متوقع ہے۔ اس کے برعکس گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں معمول سے کچھ زیادہ بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحرالکاہل میں ایل نینو کی صورتحال دوبارہ فعال ہو چکی ہے اور آئندہ مہینوں میں اس کے برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ بحر ہند کا ڈائپول فی الحال غیر جانبدار مرحلے میں ہے۔ ان موسمی عوامل کے باعث بارشوں کی جغرافیائی تقسیم غیر متوازن رہ سکتی ہے۔جون کے دوران ملک بھر میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ گلگت بلتستان، کشمیر اور شمالی خیبرپختونخوا میں معمول سے زیادہ درجہ حرارت کا رجحان نمایاں ہو سکتا ہے، جبکہ جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت اور ہیٹ ویوز کے امکانات بڑھ جائیں گے۔







