اسلام آباد: ملک میں قرضوں کا حجم ایک بار پھر تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے اور تمام سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں، ایک سال کے دوران قومی خزانے پر تقریباً 7 ہزار ارب روپے کا اضافی بوجھ بڑھ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کے مجموعی قرضوں کا حجم تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ کر 81 ہزار 930 ارب روپے تک جا پہنچا ہے۔
معاشی اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک سال میں وفاقی حکومت کے قرضوں میں 6 ہزار 994 ارب روپے کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جسے مالیاتی ماہرین ملکی معیشت کے لیے ایک سنگین چیلنج قرار دے رہے ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ صرف اپریل 2026 کے ایک ماہ کے دوران ہی مرکزی حکومت کے قرضوں میں 1406 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
اقتصادی ماہرین کے مطابق حکومت کی جانب سے اندرونی اور بیرونی قرضوں کی ادائیگی اور بجٹ خسارے کو پورا کرنے کے لیے مسلسل قرض لینے کی پالیسی ملکی معیشت پر شدید دباؤ ڈال رہی ہے۔







