ملتان کے داخلی، خارجی راستوں پر ای چالان آج سے شروع، شہر والوں کو چھوٹ

ملتان (شیخ نعیم) — ملتان میں آج سے ای چالانوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ ٹریفک ذرائع کے مطابق شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں کیونکہ اب خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی جدید کیمروں کی مدد سے عمل میں لائی جائے گی۔واضح رہے کہ آج سے ملتان کےداخلی اور خارجی راستوں پر نصب کیمروں کی مدد سے ای چالانوں کا سلسلہ باقاعدہ شروع کر دیا جائے گا۔ ابتدائی مرحلے میں شہر میں داخل ہونے اور باہر جانے والی گاڑیوں کی نگرانی کی جائے گی اور تیز رفتاری، سگنل کی خلاف ورزی، ہیلمٹ و سیٹ بیلٹ استعمال نہ کرنے سمیت دیگر خلاف ورزیوں پر فوری طور پر ای چالان جاری کیا جائے گا۔ اگلے مرحلے میں اس نظام کو شہر کے اندرونی علاقوں تک توسیع دی جائے گی۔ٹریفک حکام کے مطابق ای چالان شہر میں نصب ٹریفک اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے کیے جائیں گے، جبکہ تمام ریکارڈ ڈیجیٹل نظام کے تحت محفوظ کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر اس حوالے سے مختلف غلط افواہیں گردش کر رہی ہیں جن میں کوئی صداقت نہیں، لہٰذا شہری غیر مصدقہ خبروں پر توجہ نہ دیں۔حکام نے واضح کیا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ رفتار کی حد، لین ڈسپلن، ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کےاستعمال سمیت تمام قوانین کی پابندی یقینی بنائیں تاکہ جرمانوں سے بچنے کے ساتھ ساتھ حادثات کی روک تھام بھی ممکن ہو سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں