ملتان(نمائندہ خصوصی)ملتان میں افسوسناک واقعہ، خاتون نے مبینہ طور پر تین بچوں کو قتل کر کے خودکشی کر لی۔ملتان کے علاقے ممتاز آباد پھاٹک کے قریب کچی آبادی میں ایک انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں مرتضیٰ نامی شہری کی 30سالہ بیوی مریم نے مبینہ طور پر اپنے تین کمسن بچوں کو پھانسی دے کر قتل کرنے کے بعد خود بھی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔بچوں میں سواسال کی حورین فاطمہ اور3،3سال کے دوبچے حسن اورحسین شامل ہیں۔ریسکیو 1122 ملتان کنٹرول روم کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کال میں اطلاع دی گئی کہ ایک خاتون نے اپنے بچوں کو مارنے کے بعد خودکشی کر لی ہے۔ اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ کنٹرول روم کی ہدایت پر قریبی سٹیشنز سے دو ایمرجنسی گاڑیاں ریسکیو ٹیموں کے ہمراہ فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب روانہ کی گئیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ٹیموں کے موقع پر پہنچنے سے قبل ہی مقامی افراد چاروں افراد کو نیچے اتار چکے تھے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق خاتون نے مبینہ طور پر اپنے تینوں بچوں کو رسی کے ذریعے پنکھے سے لٹکایاجس کے بعد خود بھی چھت کے ساتھ لٹک کر خودکشی کر لی۔ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچتے ہی چاروں افراد کو بچانے کی کوشش کرتے ہوئے فوری طور پر سی پی آر کا عمل شروع کیا تاہم تمام افراد جانبر نہ ہو سکے اور موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔واقعے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیاجبکہ اہل علاقہ کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی۔ پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں جبکہ لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور اصل حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ اور مزید تفتیش کے بعد سامنے آئیں گے۔ واقعے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم گھریلو ناچاقی یا دیگر محرکات کو بھی زیر غور لایا جا رہا ہے۔یہ افسوسناک واقعہ نہ صرف علاقے بلکہ پورے شہر میں تشویش کی لہر دوڑا گیا ہے اور شہری حلقوں کی جانب سے ایسے سانحات کی وجوہات جاننے اور سدباب کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔







