ملتان(کورٹ رپورٹر)پسند کی شادی کرنے والا جوڑے کو دن دہاڑے ضلع کچہری کے پارکنگ پلازہ سے اغوا کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بستی ملوک کے رہائشی مظہر عباس اور عصمہ نے چند روز قبل پسند کی شادی کی تھی جس پر لڑکی کے والد نے تھانہ بستی ملوک میں اغوا کا مقدمہ درج کرا دیا۔ لڑکی عصمہ عدالت میں دفعہ 164 کے بیانات ریکارڈ کرانے کے لئے شوہر اور دیگر رشتہ داروں کے ہمراہ ضلع کچہری پہنچی۔ بیان ریکارڈ کرانے کے بعد وکلاپارکنگ پلازہ میں گاڑی میں بیٹھ کر روانہ ہونے لگی تو لڑکی کے رشتہ دار مرد و خواتین نے حملہ کر دیا۔ اس دوران گاڑی کے شیشے توڑ دیئے اور زبردستی مظہر عباس اور عصمہ کو باہر نکال لیا۔ ایک مرد نے عصمہ کو اٹھا کر دوڑ لگا دی جبکہ دیگر افراد نے مظہر عباس کو بازوؤں اور ٹانگوں سے گھسیٹ کر گاڑی میں ڈالنے کے بعد اغوا کر کے لے گئےجس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق واقعے کے دوران پولیس اہلکار موقع پر موجود تھے لیکن ملزمان کارروائی کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ دریں اثنا مغوی لڑکے مظہر عباس کے بھائی صفدر حسین کی جانب سے تھانہ چہلیک میں اندراج مقدمہ کی درخواست دے دی گئی ہے جس میں لڑکی کے رشتہ داروں فیاض، مشتاق، اکرم، اسلم، رمضان گلشاد بی بی، سجاد، اجمل اور اکمل سمیت 20 نامعلوم ملزموں کو اغواکا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے نامزد کیا ہے۔ ایس ایچ او چہلیک حنیف گجر نے کہا ہے کہ ملزموں کی گرفتاری اور مغویان کی برآمدگی کے لیے کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ خیال رہے کہ پارکنگ پلازہ کی بیرونی جانب کوئی پولیس سکیورٹی موجود نہیں ہوتی ہے۔







