ملتان میں محکمہ فوڈ کے نام پر بھتہ وصولی کا انکشاف، دکاندار پریشان

ملتان (سپیشل رپورٹر)محکمہ فوڈ میں ڈیلی ویجز پر بھرتی ہونے والے ایک ملازم کی جانب سے غلہ منڈی اور ملحقہ علاقوں میں ادارے کے نام پر مبینہ بھتہ وصولی کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ ملازم باقاعدگی سے مبینہ طور پر افسران تک حصہ پہنچا کر چھوٹے دکانداروں کے لیے وبالِ جان بنا ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے کرپٹ اور بدعنوان عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات جاری کی گئی تھیں، جن میں واضح طور پر کہا گیا تھا کہ ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والے ملازمین کو فوری طور پر برطرف کیا جائے۔ تاہم ان احکامات کے باوجود متعلقہ ملازم نے مبینہ طور پر غلہ منڈی، ٹافی مارکیٹ اور شہر کے دیگر علاقوں میں چھوٹے دکانداروں کو ہراساں کرکے غیر قانونی وصولیاں تیز کر رکھی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دکانداروں کو ڈرا دھمکا کر ان سے مقررہ رقم وصول کی جاتی ہے، جبکہ مختلف مارکیٹس کے لیے الگ الگ “ریٹ” بھی طے کیے گئے ہیں۔ یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ مذکورہ شخص مبینہ طور پر محکمہ فوڈ کے افسران کے نام استعمال کرتے ہوئے لوٹ مار میں مصروف ہے، اور اس کی سرگرمیاں شہر بھر میں موضوعِ بحث بن چکی ہیں۔افسوسناک امر یہ ہے کہ متعلقہ حکام کو اس صورتحال کا علم ہونے کے باوجود خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں، جس پر تاجر برادری میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔عوامی و سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، ڈی جی فوڈ، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر ملتان سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لے کر مذکورہ ملازم کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے اور اسے ملازمت سے برطرف کیا جائے، تاکہ مستقبل میں کوئی بھی ڈیلی ویجز ملازم سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کی جرات نہ کر سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں