ملتان: شہریوں کی اراضیوں کے 77 ہزار انتقالات غائب، ڈی جی لینڈ اتھارٹی کو بریفنگ میں انکشاف

ملتان( وقائع نگار،سپیشل رپورٹر)ملتان میں شہریوں کی اراضیوں کے 77 ہزار انتقالات غائب نکلے۔ ڈی جی لینڈاتھارٹی کوبریفنگ میں انکشاف سامنے آگیا۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی اکرام الحق نے ملتان کا دورہ کیا اور کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کے ہمراہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق سمیت ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز اور ریونیو افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں مواضعات کی ڈیجیٹالائزیشن، کھیوٹ، میوٹیشن اور دیگر ریونیو امور پر تفصیلی بریفننگ دی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی اکرام الحق نے بتایا کہ صوبہ بھر میں 25 ہزار سے زائد کھیوٹ ایشوز کو حل کیا جا رہا ہے جبکہ 1 لاکھ 82 ہزار سے زائد میوٹیشن ایشوز اور 2 لاکھ 21 ہزار سے زائد مسنگ میوٹیشن کے مسائل درپیش ہیں جن کے حل کیلئے اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے بتایا کہ لوئر کورٹ منیجمنٹ سسٹم نافذ کر دیا گیا ہے جس کے تحت تمام مقدمات کا ریکارڈ چیک کیا جا سکے گا جبکہ ڈویژن میں آن لائن کورٹس سسٹم کے تحت 80 کیسز زیر سماعت ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ ریونیو کورٹ منیجمنٹ سسٹم کے تحت افسران کیلئے سنٹرل ڈیش بورڈز فراہم کیے جا رہے ہیں اور موقع ملاحظہ کیلئے ڈویژن لیول پر ڈرون ٹیمیں بھی مہیا کی جا رہی ہیں۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی اکرام الحق نے کہا کہ ریونیو کورٹس منیجمنٹ سسٹم میں افرادی قوت اور آلات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی جبکہ رہائشی کالونیوں کی رجسٹریشن کیلئے ہاؤسنگ سوسائٹیز منیجمنٹ سسٹم نافذ کر دیا گیا ہے جس میں ایم ڈی اے اور کارپوریشن سمیت دیگر متعلقہ ادارے شامل ہوں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نمبرداری سسٹم اور میوٹیشن فیسوں میں جدت لا رہی ہے جبکہ پراپرٹی کی شفاف خرید و فروخت کیلئے پراپرٹی ٹرانسفر سسٹم بھی لانچ کر دیا گیا ہے۔ آن لائن پراپرٹی پورٹل پر تمام متعلقہ ادارے رپورٹنگ کریں گے جبکہ ضلع لودھراں کو جلد 100 فیصد ڈیجیٹائز کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے ڈویژن کے مواضعات کو جلد ڈیجیٹائز کرنے کیلئے الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ تمام ریونیو افسران مواضعات کو آن لائن کرنے کیلئے واضح ڈیڈ لائن مقرر کریں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ضلع ملتان میں 77 ہزار سے زائد مسنگ میوٹیشن کا چیلنج درپیش ہے جس کے حل کیلئے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ ریونیو کورٹس کے پی آئیز سسٹم کے تحت آن لائن آرڈر پورٹل پر فیصلے اپ لوڈ کیے جائیں جبکہ ڈپٹی کمشنرز گمشدہ میوٹیشن اور ریکارڈ کی برآمدگی کیلئے فوری اقدامات یقینی بنائیں۔انہوں نے گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ پروگرام کے آغاز کیلئے ہنگامی اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے شہریوں کو مصدقہ ملکیت کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ مزید کہا کہ ہاؤسنگ سوسائٹی مینجمنٹ سسٹم کے تحت کیسز کو شفاف انداز میں نمٹایا جائے اور شہریوں کو رجسٹریشن کے مکمل پراسس سے آگاہ کیا جائے۔کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے زور دیا کہ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی اور فیلڈ انتظامیہ باہمی کوآرڈینیشن کے تحت عوامی ریلیف کیلئے مؤثر اقدامات کریں جبکہ ڈویژن بھر میں نمبرداری سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے بھی اقدامات تیز کیے جائیں۔اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق نے ریونیو اہداف اور ریکارڈ سنٹرز کی کارکردگی پر تفصیلی بریفننگ دی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں