ملتان،رحیم یار خان(قوم نیوز،بیورو رپورٹ،سٹی رپورٹر ) ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں طوفان بادوباراں نے تباہی مچادی،بجلی کانظام درہم برہم ہوکررہ گیا۔مختلف علاقوں میں کچی دیواریں،شہریوں کی سولرپلیٹیں گرگئیں۔ رحیم یارخان میں مسجد کا گنبد گرنے سے ایک نمازی جاں بحق‘ چار افراد شدید زخمی ہو گئے‘ گزشتہ شب نمازِ عشاء کے دوران اچانک تیز آندھی کے باعث مسجد کا گنبد زمین بوس ہو گیا۔ حادثے کے وقت مسجد میں موجود پانچ نمازی ملبے تلے دب گئے جس کے باعث65 سالہ مرید حسین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ 17 سالہ محمد اکرم‘ 20 سالہ نبیل احمد‘ 28 سالہ ندیم احمد اور 32 سالہ آصف زوہیب شدید زخمی ہو گئے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے ملبے تلے دبے افراد کو نکال کر فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کو ضروری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ جاں بحق ہونیوالے شخص کی میت قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔رحیم یار خان کے ریسکیوذرائع کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران آندھی، گرد آلود طوفان اور بارش سے ایک شخص جاںبحق، 9 زخمی ہوئے۔ مجموعی طور پر10 ایمرجنسیز رپورٹ ہوئیں،جن میں 9افراد متاثر ہوئے، 4 افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، 4 متاثرین کو ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ 1 شخص جاں بحق ہوا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق گرنے والے سولر پینلز کے 4 واقعات پیش آئے جن میں 2 افراد زخمی ہوئے اور 2 کو ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ عمارتیں یا ڈھانچے گرنے کے 3 واقعات رپورٹ ہوئے جن کے نتیجے میں 4 افراد زخمی،2کوطبی امداد، 2 کو ہسپتال منتقل اور 1 شخص جاں بحق ہوا، مجموعی طور پر ان واقعات سے 9 متاثرین سامنے آئے۔ ریسکیو 1122 رحیم یار خان نے تمام متاثرہ مقامات پر بروقت رسپانس کرتے ہوئے امدادی کارروائیاں مکمل کیں اور شہریوں کو خراب موسمی حالات کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔







