ملتان( وقائع نگار)ملتان ایونیو پر غیر قانونی تعمیرات اور کمرشل سرگرمیوں کے خلاف کریک ڈائون کا فیصلہ، کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت اجلاس میں ملتان ایونیو پر غیر قانونی و بغیر منظور شدہ عمارتوں اور کمرشل سرگرمیوں کے خلاف بھرپور کریک ڈائون کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے کہا کہ ملتان ایونیو منصوبہ حکومت پنجاب کی جانب سے اربوں روپے کی لاگت سے زیر تکمیل ایک سٹیٹ آف دی آرٹ روڈ ہے جسے جدید کارپٹڈ روڈ، گرین بیلٹس، پارکنگ بیز اور سروس روڈز کے ساتھ ڈویلپ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ نقشہ منظوری، سیٹ بیک اور کمرشلائزیشن قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی عمارتوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔کمشنر ملتان ڈویڑن عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ سروس روڈز پر قائم غیر قانونی ریمپ، داخلی راستے اور تجاوزات کو فوری ختم کیا جائے اور سرکاری منصوبے پر اربوں روپے خرچ ہونے کے بعد کسی قسم کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے ایم ڈی اے اور ضلع کونسل کو ہدایت کی کہ ملتان ایونیو پر قائم تمام غیر قانونی عمارتوں کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے جبکہ سروس روڈز کو ہر صورت تجاوزات سے پاک رکھنے کیلئے سخت اقدامات کیے جائیں۔اجلاس میں انفورسمنٹ کو موثر بنانے کیلئے خصوصی پٹرولنگ یونٹ قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی تاکہ مستقل نگرانی کے ذریعے غیر قانونی سرگرمیوں کا سدباب کیا جا سکے۔کمشنر نے ہدایت کی کہ غیر قانونی کٹس، انکروچمنٹ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے اور ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے عطاءالحق، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ملتان ڈویڑن مبشر الرحمان اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔







