اسلام آباد(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے سپوتوں نے دشمن بھارت کو ایسا جواب دیا کہ اسے جان کے لالے پڑ گئے۔ دشمن نے4گھنٹےمیں جنگ بندی کی درخواست کی۔وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دشمن کے تاریکی میں کیے حملے کا تاریخی جواب دیا، معرکہ حق کا خلاصہ اتنا ہےکہ ہر طرف ہمارے شاہینوں کا غلبہ تھا اور دشمن کے جہازوں کا ملبہ تھا۔ آپریشن بنیان مرصوص معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ پر خصوصی تقریب ہوئی۔تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سمیت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور مسلح افواج کے سربراہان، اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ اور وفاقی وزرا بھی شریک ہوئے۔ مختلف ممالک کے سفیر، سول اورعسکری حکام، شہدا کے لواحقین بھی تقریب میں موجود تھے۔تقریب کے آغاز پر قومی ترانہ بجایا گیا۔ تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے مارچ پاسٹ کیا اور سلامی پیش کی۔وزیراعظم کی اپیل پر تقریب میں مادروطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے لیے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔وزیراعظم نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد پاکستان کا مقام بلند ہوا، معرکہ حق کو فیلڈ مارشل کی قیادت میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، حمایت کرنے پر سعودیہ، چین اور دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہیں، شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی سچ کے بیانیے کی فتح ہوئی، بھارت آج تک پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا ایک بھی ثبوت نہ دے سکا، شہیدوں کے خون کو سلام پیش کرتے ہیں، مقبوضہ کشمیر کے لیے حمایت اور جدوجہد جاری رکھے گا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک بھارت جنگ بندی کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اہم کردار ادا کیا، دو ایٹمی ممالک کے درمیان جنگ ہوتی تو اس کا انجام بہت بھیانک ہوتا۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کو ختم کرکے دم لیں گے۔وزیراعظم نے مزید بتایا کہ فیلڈ مارشل نے ابھی ابھی آگاہ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے امریکا کے لیے جواب پاکستان کو موصول ہوگیا ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں 10 مئی کو یوم معرکہ حق کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کرتا ہوں، یوم معرکہ حق ہرسال بھرپور جوش وجذبے سے منایا جائےگا۔صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ اپنے آبی مفادات کا ہرقیمت پر تحفظ کریں گے، پانی ہمارے 25کروڑ عوام کی لائف لائن ہے۔معرکہ حق میں شاندار فتح کے ایک سال مکمل ہونے پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ پر ایک پروقار تقریب سے خطاب میں صدرمملکت نے کہا کہ بھارت نے پہلگام فالس فلیگ کو جواز بناکر بلااشتعال جارحیت کی ، پاک افواج نےپوری قوم کا سرفخر سے بلندکردیا۔آصف علی زرداری نے کہا کہ جارحیت کےجواب میں پاکستان کا جواب سنہری حروف میں لکھا جائےگا، پاک افواج نےبھارتی جارحیت کا حیران کن جواب دیا، ہماری پاک فضائیہ نے دشمن کے 8 طیارےمارگرائے۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دشمن جان لے پاکستان کے خلاف آئندہ مہم جوئی کے اثرات محدود نہیں بلکہ انتہائی خطر ناک، دُور رس اور تکلیف دہ ہونگے۔معرکہ حق میں فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر جی ایچ کیو راولپنڈی میں پر وقار یادگاری تقریب سے اپنے تاریخی خطاب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ معرکہ حق، آپریشن بنیان مرصوص میں اللہ تعالیٰ کی رضا سے پاکستان، عوام اور مسلح افواج کو بے مثال کامیابی ملی، معرکہ حق دو نظریات کے درمیان ایک فیصلہ کن معرکہ تھا جس میں حق فتح یاب اور باطل ہزیمت سے دو چار ہوا۔فیلڈ مارشل نے کہا کہ ہندوستان کا خواب ہے کہ وہ پاکستان کو عسکری جارحیت اور سفارتی تنہائی کا نشانہ بنا کر خطے میں طاقت کا توازن تبدیل کرے، اس کا یہ خواب اس کے قد کاٹھ اور صلاحیت سے کہیں زیادہ ہے جسے پاکستان کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گا۔فتح میزائلوں اور پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے 26 سے زیادہ عسکری اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ الحمد اللہ آج پاکستان کا دفاع کسی بھی بیرونی جارحیت کیخلاف مکمل طور پر ناقابل تسخیر ہے، دشمن جان لے پاکستان کے خلاف آئندہ مہم جوئی کے اثرات محدود نہیں بلکہ انتہائی خطر ناک، دُور رس اور تکلیف دہ ہونگے، عصرِحاضراورمستقبل کی جنگیں ملٹی ڈومین آپریشنز پر مشتمل ہوں گی جس میں دور تک مار کرنے والے ہتھیاروں، ڈرونز، سائبراور آرٹیفشل انٹیلی جنس کا استعمال ہوگا۔فیلڈ مارشل نے کہا کہ افواج پاکستان کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹرز قائم کردیا گیا ہے، پاکستان کا برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے ساتھ اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ ہماری سفارتی کامیابیوں کا ایک عظیم سنگِ میل ہے۔







