مظفرآباد،وہاڑی( نیوزایجنسیاں،نمائندہ قو م ) آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے افراد کی نمازِ جنازہ ہائیکورٹ گراؤنڈ چھتر میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔ نمازِ جنازہ میں ریاستی قیادت، اعلیٰ عسکری و سول حکام اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔نمازِ جنازہ میں قائمقام صدر آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر، وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری فیصل ممتاز راٹھور، اعلیٰ عسکری حکام، موسٹ سینئر وزیر میاں عبدالوحید، وزرائے حکومت، چیف سیکریٹری خوشحال خان، انسپکٹر جنرل پولیس لیاقت علی ملک سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔نمازِ جنازہ کے بعد شہدا کے درجات کی بلندی،مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی خصوصی دعائیں کی گئیں۔علاوہ ازیںوہاڑی کی زرخیز اور بہادر دھرتی ایک بار پھر اپنے دو عظیم سپوتوں کی قربانی پر فخر اور غم کی ملی جلی کیفیت میں ڈوب گئی۔ مظفرآباد میں پیش آنے والے افسوسناک MI-17 ہیلی کاپٹر حادثے میں جامِ شہادت نوش کرنے والوںمیں ضلع وہاڑی کی تحصیل بورےوالا سے تعلق رکھنے والے دو نوجوان شہید محمد دلاور بٹر اور شہید محمد شہباز مجید گجر بھی شامل ہیں۔شہید محمد دلاور بٹر کا تعلق بورےوالا کے نواحی گاؤں 509 ای بی جبکہ شہید محمد شہباز مجید گجر 140 ای بی کے رہائشی تھے۔شہادت کی خبر ملتے ہی نہ صرف دونوں خاندانوں بلکہ پورے بورےوالا اور ضلع وہاڑی کی فضا سوگوار ہو گئی۔







