ڈیرہ غازی خان (ڈسڑکٹ رپورٹر ) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے شیخ اکرم کی جانب سے دائر کی گئی درخواستِ ضمانت خارج کر دی۔ شیخ اکرم پر لٹل سکالرز اسکول کی عمارت کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے میں غفلت برتنے کا الزام ہےجس کے نتیجے میں چار معصوم بچے جاں بحق جبکہ23 سے زائد بچے زخمی ہو گئے تھے۔ عدالت نے کیس کے حساس نوعیت اور ابتدائی شواہد کو مدنظر رکھتے ہوئے درخواست ضمانت مسترد کرنے کا حکم جاری کیا۔عدالت میں سماعت کے دوران استغاثہ کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ اسکول انتظامیہ کی مبینہ غفلت اور حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے باعث یہ افسوسناک سانحہ پیش آیا۔ پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ عمارت کی حالت مخدوش تھی، تاہم اس کے باوجود بچوں کی کلاسیں جاری رکھی گئیں، جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔ استغاثہ نے مزید کہا کہ ملزم کو ضمانت دینے سے تفتیش متاثر ہو سکتی ہے۔دوسری جانب ملزم کے وکیل نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک حادثاتی واقعہ تھا اور ان کے مؤکل کا براہِ راست اس سانحے سے تعلق ثابت نہیں ہوتا۔ وکیل صفائی نے عدالت سے استدعا کی کہ شیخ اکرم کو ضمانت پر رہا کیا جائے تاکہ وہ قانونی کارروائی کا سامنا کر سکیں، تاہم عدالت نے دلائل سننے اور کیس ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد درخواست مسترد کر دی۔







