ملتان ( قوم ریسرچ سیل ) واسا ملتان کے ایم ڈی فیصل شوکت اور ڈائریکٹر ورکس حافظ وقاص کی مبینہ ملی بھگت سے اربوں روپے کے ترقیاتی کاموں میں ناقص میٹریل اور ناکارہ پائیوں کے استعمال کے حوالے سے روزنامہ قوم کی خبر لفظ بہ لفظ درست ثابت ہوئی۔ خبر شائع ہوتے ہی واسا انتظامیہ فوری حرکت میں آ گئی اور روزنامہ قوم کی طرف سے نشان دہی کئے گئےغیر معیاری اور کریک شدہ پائیوں کو مسترد کرکے ان کے اوپر سرخ رنگ سے ریجیکٹ لکھ کر اپنی کاغذی کارروائی پوری کر دی ہے ۔تاہم ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ناقص پائپ درجنوں کی تعداد میں زمین میں ڈال دیئے گئے ہیں ان پر واسا مکمل طور پر پردہ پوشی کر رہا ہے۔ دوسری طرف ناقص میٹریل استعمال کرنے والے ٹھیکیدار میاں وقاص برادر اینڈ انجینئرز کے ساتھ طے شدہ کمیشن کے باعث ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی حتیٰ کہ انہیں نوٹس تک جاری نہیں کیا گیا۔ اس طرح نشان دہی سے پہلے ہزاروں ناکارہ پائپ اور تیسرے درجے کی اینٹیں واسا کی لائنوں میں دب گئے ہیں اورناقص میٹریل پر ہمیشہ کے لئے مٹی ڈال گئی ہے۔ ایم ڈی واسا فیصل شوکت و ڈائریکٹر ورکس حافظ وقاص مبینہ طور پر اپنا کمیشن کھرا ہونے کے باعث ٹھیکیدار کے چند پائپ ریجیکٹ کرکے فرضی کارروائی ڈال کر اسے سہولت کاری فراہم کر رہے ہیں مذکورہ صورتحال میں مستقبل میں مٹی تلے دبے ناکارہ پائپ مستقبل قریب میں ہی کراؤن فیلیئر جیسے سانحے کا باعث بن سکتے ہیں ، واضح رہے کہ روزنامہ قوم نے گذشتہ روز جہانگیر آباد ، لاری اڈہ و دیگر مقامات پر کریک زدہ پائیوں، تیسرے درجے کی اینٹوں سمیت ناقص میٹریل کے استعمال کی خبر ثبوتوں کے ساتھ شائع کی تھی۔







