فرقہ واریت پر سوشل میڈیا اکاؤنٹس کیخلاف ایکشن: کابینہ کمیٹی، ملتان اور ڈیرہ کا دورہ

ملتان،کوٹ ادو(قوم نیوز،سپیشل رپورٹر)پنجاب کی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نےملتان اورڈیرہ غازی خان کادورہ کیا۔کابینہ کمیٹی نے کہاہےکہ فرقہ واریت پر سوشل میڈیا اکاؤنٹس کیخلاف ایکشن لے رہےہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے ملتان میں محرم الحرام سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔اجلاس میں صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق، صوبائی وزیر و کو چیئرمین بلال یاسین اور صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی نے شرکت کی۔سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ایڈیشنل آئی جی سائوتھ پنجاب محمد کامران خان، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال، ڈی آئی جی سپیشل برانچ سجاد منج، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی، ایڈیشنل سیکرٹری سپیشل انیشیٹو نے بھی شرکت کی۔ملتان میں محرم الحرام کے جلوس اور مجالس کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔کمشنر ملتان عامر کریم اور آر پی او عثمان گوندل نے انتظامات بارے بریفنگ دی۔ملتان ڈویژن میں تمام 907 جلوس اور 3173 مجالس کے سکیورٹی انتظامات مکمل کرلئے گئے۔82 مقررین و ذاکرین کی ضلع بندی اور 60 کی زباں بندی کے احکامات جاری کردیئے گئے۔ملتان میں 238 افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا ہے۔پولیس کی امداد کیلئے آرمی کی 5 اور رینجرز کی 6 کمپنیاں تعینات ہونگی۔صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔محرم الحرام کو پرامن بنانے کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔پنجاب بھر کی رپورٹس محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم میں دیکھ رہے ہیں۔تمام مکاتبِ فکر اپنے خطبات میں اتحاد بین المسلمین کا پیغام عام کر رہے ہیں۔

صوبائی وزیر و کو چیئرمین بلال یاسین نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محرم الحرام کے دوران سبیلوں کا بہترین اہتمام کیا جا رہا ہے۔صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی نے کہاکہ تمام اضلاع میں جلوس کے راستوں پر سبیل لگائی جا رہی ہیں۔سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہاکہ سائبر پٹرولنگ سیل فرقہ وارانہ مواد پھیلانے والوں کیخلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائیں۔محکمہ داخلہ کا محرم آن لائن پورٹل فعال ہے، تمام اضلاع بروقت معلومات شیئر کریں۔ملتان، خانیوال، لودھراں اور وہاڑی سے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوزنے بھی اجلاس میں شرکت کی۔دریں اثناکابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے ملتان میں مرکزی جلوس کے روٹ اور امام بارگاہوں کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق، صوبائی وزیر و کو چیئرمین بلال یاسین اور صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی اس موقع پر موجود تھے۔ سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب محمد کامران خان، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال، ڈی آئی جی سپیشل برانچ سجاد منج، کمشنر ملتان عامر کریم، آر پی او عثمان گوندل، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی اور ایڈیشنل سیکرٹری سپیشل انیشیٹو بھی ہمراہ تھے۔ کابینہ کمیٹی نے مرکزی امام بارگاہ کربلا شاہ شمس کے باہر میڈیا سے گفتگو بھی کی۔ صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ حکومتِ پنجاب محرم الحرام کے حوالے سے مثالی انتظامات کر رہی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کیلئے جامع ضابطہ اخلاق جاری کیا ہے۔صوبائی وزیر بلال یاسین نے کہا کہ قیامِ امن کیلئے جلوس کے روٹ اور امام بارگاہوں کے باہر تعینات پولیس، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122 کے اہلکار ہمارے ہیرو ہیں۔ محرم الحرام سے قبل زیر تعمیر سڑکوں کی مرمت مکمل کر رہے ہیں۔ محرم الحرام کو پُرامن بنانے کیلئے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہے۔ جلوس کے شرکاء کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے گی۔صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ فول پروف سکیورٹی انتظامات کیلئے بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔ خواتین کے تحفظ کیلئے خصوصی طور پر لیڈی پولیس اہلکار تعینات کی جا رہی ہیں۔دریں اثناکابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے ملتان میں ڈویژنل امن کمیٹی و علماء کرام سے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق، صوبائی وزیر و کو چیئرمین بلال یاسین اور صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی اس موقع پر موجود تھے۔ڈویژنل امن کمیٹی اور علماء کرام کی قیادت مولانا حنیف جالندھری نے کی۔ علماء کرام نے امن و اتحاد کی خاطر حکومتِ پنجاب کی کاوشوں کو سراہا۔ ڈویژنل امن کمیٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محرم الحرام میں عزاداری ہو گی، دل آزاری نہیں ہوگی۔ تمام مکاتبِ فکر باہمی محبت و احترام کیساتھ محرم گزاریں گے۔ کوئی دشمن ہمارے آپسی اتفاق کو ٹھیس نہیں پہنچا سکتا۔ صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ علماء کرام میں آپسی محبت اور احترام پورے معاشرے کیلئے قابل تقلید مثال ہے۔ صوبائی وزیر بلال یاسین نے کہا کہ پنجاب میں محرم الحرام پُرامن انداز اور مذہبی عقیدت و احترام سے گزاریں گے۔ صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے فیلڈ میں مصروف عمل افسران و اہلکار ہمارے ہیرو ہیں۔علاوہ ازیںوزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اہم اجلاس ڈیرہ غازیخان میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق نے کی جبکہ کو چیئرمین بلال یاسین بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی، ہوم سیکرٹری پنجاب، ایڈیشنل ہوم سیکرٹری پنجاب، ایڈیشنل آئی جی پولیس جنوبی پنجاب، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور صوبائی جنرل سیکرٹری شیعہ علماء کونسل جنوبی پنجاب سید نیئر عباس کاظمی ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔کابینہ کمیٹی نے ڈیرہ غازیخان کا دورہ کرتے ہوئے کمشنر آفس میں ڈویژنل امن کمیٹی کے ممبران، علماء و مشائخ سے ملاقات کی۔ اجلاس میں ڈویژنل جنرل سیکرٹری شیعہ علماء کونسل جنوبی پنجاب عمرفاروق مشوری بلوچ ایڈووکیٹ، مولانا اقبال حسین مقصودپوری، مفتی ریاض حسین، تنویر عباس ڈوگر، ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازیخان اظہر اکرم، کمشنر ڈیرہ غازیخان اشفاق احمد چوہدری، ڈپٹی کمشنر ضلع کوٹ ادو، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ضلع کوٹ ادو سمیت دیگر پولیس و انتظامی افسران اور ڈویژنل امن کمیٹی کے ممبران شریک ہوئے۔اجلاس کے دوران محرم الحرام کے سکیورٹی اور انتظامی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈویژنل جنرل سیکرٹری عمرفاروق مشوری ایڈووکیٹ اور تمام مکاتبِ فکر کے علماء و مشائخ نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں