عید کے بعد کفایت شعاری مہم کا آغاز، مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: عیدالاضحیٰ کے اختتام کے بعد ایک بار پھر کفایت شعاری مہم کے تحت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کاروباری اوقاتِ کار محدود کر دیے گئے ہیں، جس کے مطابق مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند ہوں گے۔
ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کی جانب سے جاری کردہ نئے نوٹیفکیشن کے مطابق یہ احکامات یکم جون 2026 سے نافذ العمل ہوں گے۔ تاہم اس پابندی سے فارمیسیز، اسپتال، میڈیکل لیبارٹریز اور میڈیکل اسٹورز کو مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ پیٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز معمول کے مطابق کھلے رہیں گے جبکہ دودھ اور ڈیری شاپس پر بھی اوقاتِ کار کی پابندی لاگو نہیں ہوگی۔ اسی طرح جمز، پیڈل کورٹس اور دیگر اسپورٹس سہولیات کو بھی اس فیصلے سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
آئی ٹی کمپنیوں اور کال سینٹرز کو بھی معمول کے مطابق کام جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔
ریسٹورنٹس، فوڈ آؤٹ لیٹس اور تندور رات 10 بجے بند ہوں گے، جبکہ کریانہ، سبزی، پھل اور بیکری شاپس کے لیے بھی رات 10 بجے بندش کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروس پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ شادی ہالز اور مارکیز کو بھی رات 10 بجے بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ نجی تقریبات پر بھی یہی وقت لاگو ہوگا۔
واضح رہے کہ یہ اقدامات توانائی کی بچت کے لیے کیے گئے ہیں اور ضلعی انتظامیہ کا یہ نوٹیفکیشن آئندہ احکامات تک مؤثر رہے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں