لاہور(سٹاف رپورٹر)”دفتر چھوڑیں، فیلڈ میں آئیں“،وزیرِ اعلیٰ مریم نوازشریف نے عید الاضحٰی پر افسران کو فرنٹ لائن پر رہنے کا حکم دیدیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عید انتظامات، سکیورٹی اور صفائی کے لئے طویل اجلاس میں گائیڈ لائنز جاری کردیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت عید الاضحٰی انتظامات کے سلسلے میں منعقدہ اعلی سطح اجلاس میں تمام ڈی سیز اور ڈی پی اوز کو ٹاسک تفویض کر دئیے گئے۔اجلاس میں ڈی سی او رڈی پی اوز پر واضح کیاگیا کہ عید الاضحٰی پر انتظامات بے مثال ہوں، کوتاہی قبول نہیں ہوگی۔اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ہدایت کی کہ جانوروں کی باقیات اورآلائشیں گلی،محلے، ڈرین اور نہروں میں پھینکنے پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے جانورصرف مقررہ کیٹل مارکیٹوں میں فروخت کرنے کی پابندی پر عملدرآمد کا حکم دیا اورغیر مجاز علاقوں میں مویشیوں کی خرید و فروخت پر کارروائی کی ہدایت کی۔اجلاس میں کیٹل مارکیٹ اور بازاروں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور ویجیلنس آپریشن کی ہدایت کی۔انہوں نے کیٹل مارکیٹوں میں مویشی چوری اور ڈکیتی کے واقعات کے لئے سخت سکیورٹی انتظامات اور ممنوعہ جماعتوں پر کھالیں اکٹھی کرنے کی پابندی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ کھالیں جمع کرنے کے لئے کیمپ پر لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر پابندی ہوگی۔حساس مقاما ت پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات اور مسلسل کومبنگ آپریشن کا حکم دیا گیا۔اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔مساجد اور اجتماعات میں لاؤڈ سپیکر کے استعمال پرپابندی کی ہدایت کی۔عید گاہیں اور مساجد کو عرق گلاب سے معطر کرنے کی ہدایت کی۔ ریلوے کالونیز، کنٹورنمنٹ ایریا اورپرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں صفائی یقینی بنانے کاحکم دیا ہے۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے عید الاضحی آپریشن کے دوران صفائی میں پہلے نمبر پر آنے پر انعام واکرام کا اعلان کیا ہے۔بس سٹینڈز اور بسوں پر کرایہ نامے آویزاں کرنے کا حکم دیا ہے۔واسا ز کو عید ایام میں واٹر سپلائی کی بلا تعطل فراہمی کی ہدایت کی۔ایئرپورٹ کے قریب ڈمپنگ سائیٹس ڈھانپنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں صوبہ بھر میں عارضی جھولوں پر پابندی،پارک کے جھولوں کی سکیورٹی اور سیفٹی چیک کرنے کی ہدایت اور سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کے سدباب کے لئے سائبر پٹرولنگ کا حکم دیاگیا۔وزیراعلی مریم نوازشریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح ویڈیولنک اجلاس میں تمام ڈی سی او رڈی پی اوز نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ڈی سی او رپولیس ا فسران کو احکام پر عملدرآمد یقینی بنانے کاحکم دیا ہے۔ عید ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں کارروائی کی وارننگ دے دی ہے۔علاوہ ازیںوزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پی پی83کے ضمنی انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کے امیدوار سردار ظفر عباس بلوچ کی کامیابی پر اظہار تشکر کیا ہے۔وزیرعلیٰ مریم نواز شریف نے کامیاب امیدوارسردار ظفر عباس بلوچ سمیت حلقے کے تمام ووٹرز کو مبارکباد دی۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پی پی 83 خوشاب کے عوام کا شکریہ ادا کیا-وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ پی پی 83 ضمنی انتخاب میں بلا مقابلہ کامیابی نے پاکستان مسلم لیگ (ن)کی عوامی مقبولیت پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے۔ قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کم سے کم مدت میں زیادہ سے زیادہ عوامی ترقیاتی منصوبوں کا ریکارڈ قائم کیاہے۔علاوہ ازیںوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے(International Day for Biological Diversity)بین الاقوامی یوم حیاتیاتی تنوع پراپنے پیغام میں کہاہے کہ جنگلات اور جنگلی حیات کا تحفظ ماحولیاتی توازن اور زمین پر زندگی کی بقا کے لیے ناگزیر ہے- ماحولیاتی توازن حیاتیاتی تنوع زمین پر زندگی کی بنیاد ہے – قدرتی ماحول کا تحفظ سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے۔ صوبے میں نایاب نسل کے جانوروں اور قدرتی ماحول کے تحفظ کے لیے موثر اور دیرپا اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ غیر قانونی شکار کی روک تھام کے خصوصی فورس اور ہیلپ لائن فنکشنل ہے۔ جنگلی حیات کی دیکھ بھال کے لیے پنجاب میں پہلی بار باقاعدہ وائلڈ لائف فورس میں خواتین کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ شکایات کے لیے وائلڈ لائف ہیلپ لائن 1107 فعال کر دی گئی ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ جنگلی حیات کی مانیٹرنگ اور مردم شماری کے لیے پہلی بار جدید ترین نظام اور جی پی ایس ٹریکرز متعارف کروائے گئے ہیں۔ قدرتی وسائل کی اہمیت اور ماحولیاتی بگاڑ روکنے کا عوامی شعور ضروری ہے۔دریں اثنا وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے سینئر صحافی عامر متین کے بھائی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے عامر متین اور دیگر سوگوار خاندان سے اظہارِ ہمدردی و تعزیت کیاہے۔







