پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر منگل سے جمعہ تک چار روزہ تعطیلات کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے 26 مئی سے 29 مئی تک سرکاری تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی حکومت نے عیدالاضحیٰ کے لیے تین تعطیلات کا اعلان کیا تھا، جن کے مطابق 26 سے 28 مئی تک سرکاری چھٹیاں ہوں گی۔
وفاقی کابینہ ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق ان تین دنوں میں سرکاری دفاتر بند رہیں گے جبکہ بعد ازاں 29 مئی بروز جمعہ سے معمول کی سرگرمیاں بحال ہو جائیں گی۔
دوسری جانب سندھ حکومت نے بھی عیدالاضحیٰ کے لیے چار روزہ تعطیلات کا اعلان کیا ہے جو 26 سے 29 مئی تک ہوں گی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے بھی عید پر 26 سے 28 مئی تک تین روزہ بینکنگ تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ملک بھر میں عیدالاضحیٰ 27 مئی کو منائی جائے گی جبکہ 26 مئی یومِ عرفہ ہوگا۔







