علی پور،سلطان پور (نمائندہ قوم،نامہ نگار) تحصیل علی پور میں موجود محکمہ جنگلات کا ہزاروں ایکڑ قیمتی رقبہ قبضہ گروپوں کے نرغے میں، بااثر قبضہ مافیاز کے سامنے محکمہ جنگلات اور دیگر ادارے بے بس، تحصیل علی پور ضلع مظفرگڑھ میں جنگلات ،انہار، سنٹرل گورنمنٹ اوقاف ریونیو سمیت دیگر سرکاری ڈیپارٹمنٹس کا ہزاروں ایکڑ قیمتی رقبہ موجود ہے اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ ان سرکاری رقبہ جات میں اکثر مقامات پر بااثر شخصیات کا ناجائز قبضہ ہے اور وہ سالانہ اربوں روپے کا فائدہ اٹھا رہے ہیں جس کا نہ ریاست کو اور نہ ہی قومی خزانے کو فائدہ مل رہا ہے انتظامیہ کے علم میں ہونے کے باوجود ان کے خلاف کوئی قانونی کاروائی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے تاہم میڈیا میں نشان دہی ہونے پر یہ ادارے تھوڑا حرکت میں آ جاتے ہیں چند چھوٹے موٹے قبضہ گروپوں کے خلاف ناجائز قبضے کے مقدمے درج کرا کر پھر خاموشی اختیار کر لیتے آمدہ متوقع بلدیاتی الیکشن میں تحصیل علی پور کے کئی علاقوں سے سرکاری رقبوں پر ناجائز قابض بااثر شخصیات چیئرمین کے امیدوار ہونے کا اعلان کررہے ہیں۔ ڈمر والا جنوبی اول جوکہ تھانہ صدر علی پور کی حدود میں واقع ہے اس میں محکمہ جنگلات کا ہزاروں ایکڑ قیمتی رقبہ موجود ہے کسی دور میں یہاں پر گھنا جنگل موجود تھا لوگ دن کے اجالے میں بھی اس سے گزرنے سے ڈرتے تھے تاہم محکمہ جنگلات کے بدعنوان گارڈز و افسران مقامی بااثر قبضہ گروپوں اور ٹمبر مافیا کی ملی بھگت کی بدولت اب یہاں پر درختوں کا نام و نشان مٹ چکا ہے جنگل تاحد نظر وسیع میدان میں تبدیل ہو گیا ہے۔ سینکڑوں ایکڑ رقبے پر بااثر لوگوں نے ناجائز قبضہ جما لیا ہے۔ ان مقامی باثر لوگوں نے ریاست کے اندر ریاست قائم کی ہوئی ہے اس علاقے سے تعلق رکھنے والے عام شریف شہری اور ان کے جانور گزارنے پر بھی پابندی عائد کر دی ہے گزشتہ روز ڈمروالہ جنوبی اول جنگل سے مقامی شہری نبی بخش ولد الہیٰ بخش گھلو کا جواں سال بیٹا اپنے جانور لے کر جارہاتھا کہ اس کو بے تحاشا تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور وارننگ دی گئی کہ وہ آئندہ اس جگہ سے نہ گزرے ورنہ سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔ دوسری جانب محکمہ جنگلات کے مقامی افسر نے رابطہ پر بتایا ہے کہ ڈمروالہ جنوبی اول جنگل میں ناجائز قابضین کے خلاف قبل ازیں بھی قانونی کاروائی کی تھی ان کے خلاف مقدمات درج، قبضے واگزار کرائے ہیں۔ دوبارہ ناجائز قبضوں کی تحقیقات جاری ہیں جلد قانونی کاروائی کی جائے گی ۔







