عالمی بی ٹو بی پلیٹ فارم علی بابا ڈاٹ کام نے پاکستانی ایکسپورٹرز اور چھوٹے کاروباروں کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی نیا سسٹم “ایکیو ورک” متعارف کرا دیا ہے۔
اس جدید نظام کے ذریعے پاکستانی برآمد کنندگان کو ایک خودکار ڈیجیٹل ورک فورس فراہم کی جائے گی جو کاروباری عمل کے آغاز سے لے کر اختتام تک تمام مراحل کو مؤثر انداز میں انجام دے سکے گی۔
جیسے جیسے پاکستان کی ایکسپورٹ مارکیٹ ترقی اور تبدیلی کے مرحلے سے گزر رہی ہے، عالمی سطح پر آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا استعمال بھی ناگزیر ہوتا جا رہا ہے۔ اسی تناظر میں ایکیو ورک کو ایک بروقت اور مؤثر حل کے طور پر پیش کیا گیا ہے، جو خاص طور پر اہم کاروباری چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
علی بابا ڈاٹ کام کے ہیڈ آف گلوبل سیلز پروڈکٹس اینڈ سروسز ایتھن وانگ نے ایکیو ورک کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ نظام روایتی ٹولز سے مختلف ہے اور ایک فعال، خودمختار ڈیجیٹل ورک فورس کی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ سسٹم کاروباری مواقع تلاش کرنے، روزمرہ آپریشنز چلانے اور بروقت فیصلے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ایتھن وانگ کے مطابق یہ صرف ایک سافٹ ویئر نہیں بلکہ ایس ایم ایز کے لیے ایک مکمل ایجنٹک بزنس ٹیم ہے جو مارکیٹ ریسرچ، تخلیقی مواد کی تیاری، کسٹمر انگیجمنٹ اور اسٹور مانیٹرنگ جیسے اہم امور سرانجام دیتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس نظام کے ذریعے پاکستانی ایکسپورٹرز کو عالمی منڈیوں تک اپنی رسائی بڑھانے میں نمایاں مدد ملے گی۔







