کراچی: عالمی اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں آج ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے کی پیش رفت اور امریکی بحری ناکا بندی ختم کرنے کے اعلان کے بعد تیل کی عالمی قیمتوں میں تقریباً 4 فیصد کمی دیکھی گئی، تاہم اس صورتحال کے اثرات قیمتی دھاتوں کی مارکیٹ پر مختلف انداز میں مرتب ہوئے اور سونے و چاندی کی قیمتوں میں اضافہ برقرار رہا۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں پیر کے روز فی اونس سونا مسلسل تیسرے دن اضافے کے بعد 108 ڈالر مہنگا ہو کر 4 ہزار 327 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا۔
دوسری جانب مقامی صرافہ بازاروں میں کاروباری ہفتے کے آغاز پر فی تولہ سونے کی قیمت میں 10 ہزار 800 روپے کا بڑا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 55 ہزار 136 روپے ہو گئی۔ اسی طرح 10 گرام سونا بھی 9 ہزار 720 روپے مہنگا ہو کر 3 لاکھ 89 ہزار 600 روپے کی سطح پر پہنچ گیا۔
عالمی مارکیٹ میں چاندی کی قیمت بھی 2 ڈالر 30 سینٹ اضافے کے بعد 70 ڈالر 30 سینٹ فی اونس تک پہنچ گئی، جس کے نتیجے میں مقامی سطح پر فی تولہ چاندی 230 روپے اضافے سے 7 ہزار 509 روپے جبکہ 10 گرام چاندی 197 روپے اضافے کے بعد 6 ہزار 396 روپے کی سطح پر آگئی۔







