شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 72 گھنٹوں میں 48 خوارج ہلاک

راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران گزشتہ 72 گھنٹوں میں 48 خوارج ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے تحت شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ اور اس کے اطراف میں خوارج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران ہونے والی شدید جھڑپوں میں بھارت کی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے مزید 21 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جن میں 4 اہم کمانڈر بھی شامل ہیں جن میں خارجی خالد رضا عرف سالار، خارجی مفتون، خارجی موسیٰ اور خارجی عمران عرف ایان شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور بے گناہ شہریوں پر حملوں سمیت متعدد سنگین دہشت گرد کارروائیوں میں مطلوب تھے۔ کارروائیوں کے نتیجے میں ان دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق انتہائی مہارت اور درستگی کے ساتھ کیے گئے آپریشنز کے دوران اب تک مجموعی طور پر 48 خوارج کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ علاقے میں موجود باقی ماندہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری کے بعد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے “عزمِ استحکام” وژن کے تحت ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں فتنۃ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے الگ الگ بیانات میں انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے سرغنوں کا خاتمہ دہشت گرد نیٹ ورک کے خلاف ایک اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے والے جوانوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ قوم کی حمایت سے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں