حیدرآباد: قاسم آباد کے علاقے میں شادی کی تقریب کے دوران مبینہ طور پر ناقص کسٹرڈ کھانے سے بڑے پیمانے پر فوڈ پوائزننگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں 107 افراد متاثر ہو کر اسپتال پہنچ گئے۔
متاثرین میں بچے، نوجوان اور بزرگ شامل ہیں جنہیں اچانک پیٹ درد، قے اور طبیعت کی خرابی کی شکایات پر فوری طور پر قاسم آباد تعلقہ اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق صورتحال کو دیکھتے ہوئے ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور تمام مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
متاثرہ افراد میں سے ایک نوجوان نے بتایا کہ کسٹرڈ کھانے کے کچھ ہی دیر بعد شدید پیٹ درد شروع ہوگیا اور حالت بگڑنے لگی۔
ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن کے مطابق ابتدائی رپورٹ میں فوڈ پوائزننگ کی وجہ شادی میں پیش کیا گیا کسٹرڈ قرار دیا گیا ہے۔
انتظامیہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سندھ فوڈ اتھارٹی کو متعلقہ فوڈ سینٹر کی جانچ کے احکامات جاری کر دیے ہیں تاکہ ذمہ داری کا تعین کیا جا سکے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق تمام متاثرہ افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم انہیں مکمل نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ فوڈ سیفٹی میں غفلت کس کی جانب سے ہوئی اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچاؤ کو یقینی بنایا جا سکے۔







