راجن پور(ڈپٹی بیورو چیف ) شکارپور کے نواحی گاؤں میں لٹکتی بجلی کی تاریں دو نوجوانوں کی جانیں لے گئی ٹینٹ سروس کے سامان لوڈ ٹرک کی چھت پر بیٹھے 2 نوجوان مزدور بجلی کا کرنٹ لگنے سے موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ بدنصیب جاں بحق ہو نے والے دونوں نوجوان کزن تھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں حاجی مشتاق لاکھا کا جواں سال بیٹا عتیق اور حاجی غلام فرید کا نوعمر بیٹا وقاص شامل ہیں ۔ عبداللطیف لاکھا نمبردار نے بتایا کہ ان کے جواں سال بھتیجے بستی لاکھا کےدو نوجوان شکارپور کے نزدیک ایک این جی او کے فنکشن کے انتظامات کرنے کے لئے ٹینٹ سروس کا سامان منی ٹرک پر لوڈ کرکے لوہے کی کرسیوں کے اوپر بیٹھ کر روانہ ہوکر شکارپور سے آگے گلیٹر کے قریب بجلی کے کھمبے سے لٹکی ہوئی ننگی تار ٹرک کی کرسیوں سے اچانک چھو گئی جس کی وجہ سے کرسیوں میں کرنٹ پھیل گیا۔ان کرسیوں پر بیٹھے دونوں کزن کرنٹ لگنے سے موقع پر جاں بحق ہوگئے۔نعشیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کے خاندانوں میں کہرام بپا ہے جبکہ نوجوانوں کی حادثاتی موت پر علاقے میں شدید غم اور دکھ پایا جاتا ہے اور شہر بھر فضا سوگوار ہے۔ عوامی ،سماجی حلقوں نے میپکو کے حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں لٹکی ہوئی اور زمین پر پھیلی ہوئی بجلی کی تاروں کو مکمل محفوظ بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے المناک حادثات سے بچا سکے۔







