پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مون سون سیزن کے پیش نظر تمام انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیر صدارت مون سون کنٹی جنسی پلان سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی اور ضلعی سطح پر تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مون سون سے قبل تمام ضروری فنڈز فوری طور پر جاری کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بروقت اور مؤثر تیاریوں کے ذریعے قیمتی انسانی جانوں اور انفراسٹرکچر کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے تمام اضلاع میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو فعال رکھنے اور 24 گھنٹے ڈیوٹی روسٹر نافذ کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے گلیشیئر جھیلوں، دریاؤں اور بارشوں کی روزانہ بنیادوں پر نگرانی جاری رکھنے پر زور دیا اور نالوں، برساتی چینلز، کلورٹس اور سیوریج لائنوں کی صفائی 30 مئی تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ نکاسی آب مہم کے تحت ہزاروں نالوں اور سینکڑوں کلومیٹر ڈرینج لائنز کی صفائی کا کام جاری ہے جبکہ تجاوزات کے خلاف کارروائیاں بھی تیزی سے مکمل کی جا رہی ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ ریسکیو 1122 نے مون سون کنٹی جنسی پلان مکمل کر لیا ہے اور واٹر ریسکیو پوائنٹس بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ریسکیو آلات، کشتیوں اور واٹر پمپس کی دستیابی اور فعالیت کی تصدیق 15 جون تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کو ہنگامی صورتحال میں سڑکوں کی فوری بحالی اور ٹریفک کی بلا تعطل روانی یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو آپریشن میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔






