خبردار! جعلی نوٹوں سے قربانی کے جانور خریدنے والا نیٹ ورک بے نقاب، ایک ملزم گرفتار

لاہور: عید الاضحیٰ کے قریب آتے ہی قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے دوران جعلی نوٹوں کے ذریعے دھوکہ دہی کرنے والے نیٹ ورک کے سرگرم ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق لاہور کے علاقے شاہدرہ ٹاؤن میں جعلی کرنسی کے ذریعے بیوپاریوں سے قربانی کے جانور خریدنے والے نیٹ ورک کے ایک اہم کارندے کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزم عید قرباں کے موقع پر سادہ لوح بیوپاریوں کو نشانہ بنا رہا تھا۔
ایس پی سٹی کے مطابق تھانہ شاہدرہ اور شاہدرہ ٹاؤن میں متاثرہ افراد کی درخواستوں پر مقدمات درج کیے گئے، جس کے بعد اے ایس پی کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دے کر 12 گھنٹوں کے اندر ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم مختلف علاقوں میں بکرے خریدتا اور ادائیگی کے دوران جعلی نوٹ دے کر موقع سے فرار ہو جاتا تھا۔ وہ ادائیگی کے وقت جلد بازی کر کے رقم بیوپاریوں کی جیب میں ڈال دیتا، تاہم بعد میں مارکیٹ پہنچنے پر جعلی نوٹوں کا انکشاف ہوتا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ملزم اسد کو جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ملزم مبینہ طور پر پشاور سے جعلی کرنسی منگوا کر نیٹ ورک کے ذریعے استعمال کرتا تھا۔ ملزم کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ اور ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں