جہانیاں (سٹی رپورٹر) اللہ داد بازار جہانیاں میں کمسن بچے علی حیدر کو مبینہ طور پر سگریٹ چوری کے الزام میں باندھ کر حبسِ بے جا میں رکھنے کے واقعے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کر لیا۔پولیس رپورٹ کے مطابق بچے کے والد ذوالفقار نے اطلاع دی کہ ان کے کمسن بیٹے کو چند افراد نے مبینہ طور پر چوری کے شبہ میں پکڑ کر باندھ رکھا ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی، بچے کو بازیاب کروایا اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں۔پولیس نے مختیار ولد گلزار، گلزار ولد علی شیر اور محمد عمر کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کر لیا ہے۔واقعے کی خبر سامنے آنے پر شہریوں اور سماجی حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ قانون اپنے ہاتھ میں لینے اور کمسن بچوں کے ساتھ ناروا سلوک کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی، جبکہ ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جانی چاہیے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔







