پنجاب کے ضلع جھنگ میں 18 سالہ طالبہ کو بے ہوشی کی حالت میں نجی اسپتال چھوڑ کر فرار ہونے والے تینوں ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری سی سی ٹی وی فوٹیج، تکنیکی شواہد اور دیگر معلومات کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی۔ ملزمان کے زیر استعمال گاڑی کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اصل وجوہات اور حقائق جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ مختلف پہلوؤں سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
ڈی پی او جھنگ ساجد حسین کے مطابق کیس کی ہر زاویے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور فارنزک رپورٹ، پوسٹ مارٹم رپورٹ سمیت تمام شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا تاکہ حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
واضح رہے کہ 18 سالہ طالبہ کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ دورانِ علاج دم توڑ گئی۔ واقعے کے بعد متاثرہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔







