ملتان( کرائم سیل رپورٹ) تھانہ شاہ شمس کے علاقوں رنگیل پور، بھٹہ بستی، غوث آباد، عباس پورہ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں اوباشوں کے ایک 555 گروپ نے ات مچا رکھی ہے۔ یہ گروپ پانچ ،چھ موٹر سائیکلوں پر رات کو نکلتا ہے۔ لوگوں کو ہراساں کرتا اور لوٹ مار کرتا ہے۔ علاقہ مکینوں نے روزنامہ قوم کو بتایا کہ تھانہ شاہ شمس میں ان لوگوں کی تصویریں بھی دی گئی ہیں اور کئی مرتبہ رپورٹ کی گئی ہے مگر تھانہ شاہ شمس بالکل نوٹس نہیں لیتا اور ان کی پشت پناہی سی سی ڈی ملتان کا ایک نچلے درجے کا اہلکار کر رہا ہے۔ علاقہ مکینوں نے بتایا کہ اس گروہ میں 15 کے قریب لڑکے ہیں جن میں جابر قریشی، بلا قریشی، عبدالاحد فیصل قریشی، اکبر، واجد، احسان قریشی حسنین، منڈا، جانو بھائی، حفیظ بھٹی و دیگر شامل ہیں اور یہ موٹر سائیکلوں پر منہ پر رومال باندھ کر علاقے میں گشت کرتے ہیں۔ اہالیان علاقہ نے روزنامہ قوم کے توسط سے سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر سے اپیل کی ہے کہ اس گروہ کے خلاف کارروائی کی جائے اور تھانہ شاہ شمس کو ہدایت کی جائے تاکہ علاقے میں رہزنی اور اٹھائی گیری کی وارداتیں کنٹرول ہو سکیں کیونکہ لوگ ان کے خوف کے مارے شکایت بھی نہیں کرتے جس کی وجہ یہ ہے کہ یہ گروہ ہر وقت اسلحہ سے لیس ہو تاہے۔







