بہاولپور: ترقیاتی کاموں میں مبینہ کرپشن، ایڈوانس ادائیگی کے باوجود منصوبے نامکمل

بہاولپور(انویسٹی گیشن ٹیم)بہاولپور میں بلڈنگ ڈویژن ون کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور ایڈوانس ادائیگیوں کا انکشاف سامنے آیا ہے جس پر شہریوں اور سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے فوری نوٹس لینے اور شفاف تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق بلڈنگ ڈویژن ون بہاولپور کے ایکسین نثار کی جانب سے لاٹا سنگار باؤنڈری وال منصوبے کے لیے تقریباً 11 کروڑ روپے کی ادائیگی کی گئی، تاہم منصوبہ تاحال مکمل نہیں ہو سکا۔ بتایا جاتا ہے کہ ادائیگی کو تیس دن سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے مگر اس حوالے سے کوئی واضح پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ متعلقہ سب انجینئر اور ایس ڈی او نے مبینہ طور پر ایڈوانس انوائس پر دستخط کرنے سے انکار کیا، جس کے بعد مبینہ طور پر افسران کے تبادلوں کے ذریعے دیگر اہلکاروں سے دستخط حاصل کیے گئے۔ مزید الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ مکمل ہونے والے حصے کا تعمیراتی معیار بھی تسلی بخش نہیں اور مبینہ طور پر ٹیسٹ رپورٹس میں بھی خامیاں پائی گئی ہیں۔مختلف ترقیاتی اسکیموں میں مجموعی طور پر تقریباً 25 کروڑ روپے کی ایڈوانس ادائیگیاں کی جا چکی ہیں، جس سے قومی خزانے کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔شہریوں اور سماجی تنظیموں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ایک اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی تشکیل دی جائے جو بلڈنگ ڈویژن ون کا مکمل ریکارڈ، بشمول فارم ٹو، کیش بک، میژرمنٹ بک (ایم بی) اور دیگر متعلقہ دستاویزات اپنی تحویل میں لے کر کاغذات اور زمینی حقائق کا تقابلی جائزہ لے۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ بہاولپور ایک پسماندہ علاقہ ہے جہاں ترقیاتی منصوبے بڑی مشکل سے منظور ہوتے ہیں، اس لیے اگر ان منصوبوں میں کرپشن یا ناقص تعمیراتی کام ثابت ہوئے تو یہ عوام کے ساتھ سنگین ناانصافی ہوگی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ الزامات درست ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں