معرکۂ حق کے دوران پاکستان نے مؤثر اسٹریٹیجک کمیونیکیشن کے ذریعے دنیا پر واضح کردیا کہ قومی عزم صرف نعروں تک محدود نہیں بلکہ پاکستان نے ہر دعوے کو عملی طور پر ثابت بھی کیا۔
اس دوران پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پوری قوم کے مضبوط حوصلے، اتحاد اور قومی مؤقف کی بھرپور انداز میں نمائندگی کی۔
بھارت کی بزدلانہ جارحیت سے لے کر معرکۂ حق کی کامیابی تک ڈی جی آئی ایس پی آر نے لمحہ بہ لمحہ عالمی برادری کو پاکستان کے مؤقف اور زمینی حقائق سے آگاہ رکھا۔
6 اور 7 مئی 2025 کی درمیانی شب بھارتی اشتعال انگیزی پر ردعمل دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ دشمن نے اپنی حدود میں رہتے ہوئے پاکستان پر شرمناک حملہ کیا، تاہم اس کا بروقت، مؤثر اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کی عارضی خوشی کو ہمیشہ کے غم میں تبدیل کردیا جائے گا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارت نے بلا جواز حملوں میں شہری آبادی اور معصوم افراد کو نشانہ بنایا، جس کا فیصلہ کن اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی مرضی کے وقت اور مقام پر دشمن کو جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت نے فوجی اہداف کے بجائے رات کی تاریکی میں نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا، اور معصوم جانوں کے ہر قطرہ خون کا حساب لیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہر قیمت پر اپنی سرحدوں اور قومی سلامتی کا دفاع یقینی بنائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب پاکستان جواب دے گا تو بھارتی میڈیا کو بتانے کی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ پوری دنیا خود دیکھے گی۔ پاکستانی قوم دشمن کی طاقت، دھمکیوں یا مکاری سے خوفزدہ ہونے والی نہیں، اور ہر جارحیت کا طاقتور جواب دیا جائے گا۔
پاک فوج کے ترجمان کے یہ الفاظ پوری قوم کے حوصلے، اتحاد اور غیر متزلزل عزم کی علامت بن گئے۔







