کوئٹہ(بیورورپورٹ)بلوچستان کے ضلع بسیمہ میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 14 دہشت گرد ہلاک کردیا اور متعدد زخمی ہوگئے جب کہ آپریشن کے دوران ایک فوجی جوان لانس حوالدار عباس شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع بسیمہ کے علاقے نال میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پرسکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے قریبی تھانے اور بینکوں پر حملے کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی جسے بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا گیا۔ سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو بھی محدود کردیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہواجس میں 14 دہشت گرد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوئے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے زیر استعمال 4 گاڑیاں اور بارودی مواد بھی موقع پر ہی تباہ کردیا گیا۔آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے لانس حوالدار عباس جامِ شہادت نوش کر گئے۔ شہید لانس حوالدار نے فرض کی ادائیگی کے دوران جان کا نذرانہ پیش کیا۔ترجمان پاک فوج کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی باقی ماندہ دہشت گرد کو ختم کیا جا سکے۔سکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔صدرآصف زرداری ،وزیراعظم شہبازشریف اوروفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسزکی دہشتگردوں کیخلاف بڑی کارروائی کوخراج تحسین پیش کرتےہوئے کہاکہ پاکستان میں دہشتگردی کے ناسورکوجڑسے ختم کرینگے۔پوری قوم سکیورٹی فورسزکوقربانیوں پرخراج تحسین پیش کرتی ہے۔







