این ڈی ایم اے کا 24 گھنٹوں کا الرٹ: ملک بھر میں بارشیں، ژالہ باری اور خطرات کا خدشہ

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) نے ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی ) کی پیشگی وارننگز کے مطابق ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر مون سون سے قبل تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے قومی کانفرنس بھی منعقد کی گئی۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ چند علاقوں میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، گجرات، سیالکوٹ، سرگودھا، ساہیوال، اوکاڑہ، نارووال اور دیگر اضلاع میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں میں بھی بارش اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جن میں اسکردو، ہنزہ، دیامر، نیلم ویلی، مظفرآباد، باغ، پونچھ اور راولاکوٹ شامل ہیں۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول پشاور، سوات، دیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مردان، نوشہرہ اور چارسدہ میں بھی بارش اور کہیں کہیں ژالہ باری کی توقع ہے۔
سندھ میں کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، میرپورخاص اور دیگر علاقوں میں بھی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بلوچستان میں کوئٹہ، ژوب، قلات، خضدار، گوادر، چمن اور دیگر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شمالی علاقوں میں درجہ حرارت بڑھنے سے گلیشیئرز پگھلنے کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گلیشیائی جھیلوں کے قریب جانے اور خطرناک ڈھلوانوں پر قیام سے گریز کریں جبکہ جنوبی علاقوں میں کمزور تعمیرات، سولر پینلز اور گاڑیوں کو ممکنہ نقصان سے بچانے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
پہاڑی علاقوں میں بارشوں کے باعث سفر میں مشکلات اور حادثات کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں