ایران اور امریکا کے درمیان بات چیت جلد مستقل امن میں بدلے گی: شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات جلد مستقل امن کی شکل اختیار کر لیں گے۔
اسلام آباد میں پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام چھٹی پیغام اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کا دفاع پاکستانی عوام کے لیے اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہے، اور باہمی دفاعی معاہدے اسی عزم کی توثیق ہیں۔
شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، برادر ممالک چین اور ترکیہ کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جنہوں نے امریکا اور ایران کے درمیان امن مذاکرات کے لیے اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعظم کے مطابق فیلڈ مارشل نے فریقین کو مذاکرات کی میز تک لانے میں کلیدی کردار ادا کیا اور خطے میں امن کے لیے ان کی کوششیں مسلسل جاری ہیں، جبکہ اسحاق ڈار نے بھی اس سفارتی عمل میں بھرپور محنت کی۔ انہوں نے بتایا کہ امریکا اور ایران کی قیادت پاکستان کی دعوت پر اسلام آباد آئی، جہاں 1979 کے بعد پہلی بار دونوں ممالک کے درمیان براہ راست مذاکرات ہوئے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ امت مسلمہ کو تقسیم کرنے والے اور دہشت گردی میں ملوث عناصر کسی صورت مسلمان کہلانے کے لائق نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیر اور فلسطین کے معاملے پر اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے اور جب تک کشمیریوں اور فلسطینیوں کو ان کا حق نہیں ملتا، پاکستان ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں