اوچشریف: فوڈپوائزننگ، 2 بچے دم توڑگئے، والد اور کمسن کی حالت نازک

اوچشریف (نمائندہ قوم،خصوصی رپورٹر،جنرل رپورٹر،سٹی رپورٹر) اوچشریف کے علاقے شمس باغ میں مبینہ فوڈ پوائزننگ کا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک ہی گھر کے دو معصوم بچے جان کی بازی ہار گئے جبکہ والد اور ایک سالہ بچہ زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔ واقعے نے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا ہے اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔تفصیلات کے مطابق 5 سالہ احتشام اور 3 سالہ جائشہ نے مبینہ طور پر تربوز کھانے کے بعد دودھ پیا جس کے کچھ ہی لمحوں بعد دونوں بچوں کی حالت اچانک بگڑ گئی۔ اہل خانہ انہیں سنبھال ہی رہے تھے کہ دونوں موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ اسی دوران 40 سالہ والد راؤ انوار الحق اور ایک سالہ راحیم کی طبیعت بھی غیر ہو گئی، جنہیں فوری طور پر تشویشناک حالت میں بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز کی جانب سے انہیں بچانے کی بھرپور کوششیں جاری ہیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ بظاہر فوڈ پوائزننگ کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، تاہم اصل حقائق لیبارٹری رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی واضح ہوں گے۔ واقعے کے بعد متاثرہ خاندان پر قیامت ٹوٹ پڑی ہے جبکہ اہل علاقہ میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔دوسری جانب ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ ون شہزاد مگسی کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں، جہاں سے دودھ اور دیگر مشتبہ اشیاء کے نمونے حاصل کر کے لیبارٹری تجزیے کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کا کہنا ہے کہ عوام کی صحت پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اگر واقعے میں ملاوٹ یا غفلت ثابت ہوئی تو ذمہ دار عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ جاں بحق ہونے والے دو بچوں کی نماز جنازہ ادا کر کے تدفین کر دی گئی ہے ۔

شیئر کریں

:مزید خبریں