انمول پنکی صرف مہرہ، اصل کردار کو تحفظ دیا جا رہا ہے، نبیل گبول

رکن قومی اسمبلی نبیل گبول نے کہا ہے کہ منشیات فروش انمول عرف پنکی محض ایک مہرہ ہے جبکہ اس پورے نیٹ ورک کے اصل کرداروں کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں کراچی سے گرفتار ہونے والی انمول پنکی کے کیس پر تفصیلی بحث ہوئی۔ اس موقع پر ڈی جی اے این ایف نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انمول پنکی کے خلاف 2019 میں مقدمہ درج کیا گیا تھا اور بعد ازاں اسے اشتہاری قرار دے دیا گیا تھا۔
اجلاس کے دوران نبیل گبول نے مؤقف اختیار کیا کہ انمول پنکی گزشتہ 18 برس سے اسی نوعیت کی سرگرمیوں میں ملوث رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایک منشیات فروش کی جیب سے ایک سکہ ملا تھا جس پر انمول پنکی کا نام درج تھا۔
نبیل گبول کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں اصل کرداروں کو تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ بعض افراد کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق انمول پنکی صرف ایک کڑی ہے اور اصل نیٹ ورک کے ذمہ دار عناصر تک پہنچنا ضروری ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ کیس کی مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں تاکہ تمام حقائق سامنے آسکیں اور اصل ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں