ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں انمول عرف پنکی کے مقدمات کے حوالے سے پولیس کی ایک اور تفصیلی رپورٹ جمع کرا دی گئی ہے۔
پولیس کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملزمہ مبینہ طور پر ایک منظم گینگ کے ذریعے اسکولوں کے کم عمر بچوں کو نشانہ بناتی رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ نیٹ ورک پوش علاقوں اور نجی تعلیمی اداروں تک اپنی سرگرمیاں پھیلاتا تھا۔
مزید کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں زیادہ خریداری کرنے والے افراد کو خصوصی رعایتی پیکجز بھی فراہم کیے جاتے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس نیٹ ورک کو تعلیمی اداروں میں روکنے کے لیے مزید تفصیلی تحقیقات ناگزیر ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ پنکی کی نشاندہی پر تعلیمی اداروں میں موجود اس کے مبینہ سہولت کاروں کی شناخت کا عمل جاری ہے، اور عدالت نے پولیس رپورٹ کو باقاعدہ طور پر کیس فائل کا حصہ بنا لیا ہے۔
دوسری جانب بین الصوبائی منشیات کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، پولیس نے برآمدگی رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملزمہ سے بڑی مقدار میں منشیات اور کیمیکل مواد برآمد ہوا جس میں 1540 گرام کوکین، 5240 گرام بیکنگ پاؤڈر، 930 گرام ایفی ڈرین ہائیڈرو کلورائیڈ، 500 گرام کیٹامین ہائیڈرو کلورائیڈ اور 330 گرام کوکین مکس ہائیڈرو کلورائیڈ شامل ہیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ایک بیگ سے 1050 گرام ایکٹون اور تقریباً 6970 گرام خام کیمیکل مواد بھی برآمد ہوا جو مبینہ طور پر منشیات کی تیاری میں استعمال ہوتا تھا۔
پولیس کے مطابق تمام برآمد شدہ مواد کی کیمیکل جانچ کی جائے گی اور رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے گی، جبکہ تمام منشیات کو کیس پراپرٹی کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔







