ملتان (خصوصی رپورٹر)محمد نواز شریف یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان کے زیر اہتمام اپلائیڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے موضوع پر چار روزہ بین الاقوامی کانفرنس 15 سے 18 جون 2026 تک یونیورسٹی آف پشاور کے باڑا گلی سمر کیمپ مین گلیات روڈ میں منعقد ہوگی، وائس چانسلر ڈاکٹر توصیف ایزد نے کانفرنس کو مفید قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ کانفرنس کے لئے پی ایچ ای سی نے بجٹ فراہم کیا ہے جبکہ پشاور یونیورسٹی نے جگہ فراہم کی ہے، ملتان کی گرمی میں چونکہ شرکاء کو اکٹھا کرنا مشکل تھا اس لیے پی ایچ ای سی کی معاونت اور اجازت سے پرفضا مقام پر اس کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ بین الاقوامی کانفرنس کا بنیادی مقصد انجینئرنگ، مینجمنٹ سائنسز اور ٹیکنالوجی کے شعبوں کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینا اور علمی تحقیق اور صنعتی ایپلی کیشنز کے درمیان موجود فاصلے کو ختم کرنا ہے۔کانفرنس میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) کے زراعت، واٹر ریسورس مینجمنٹ، سپلائی چین، پائیدار انجینئرنگ اور انسانی و اے آئی تعاملات جیسے اہم شعبوں میں عملی استعمال پر سیر حاصل گفتگو کی جائے گی، کانفرنس میں دنیا بھر سے نامور اسکالرز اور ماہرین بطور ‘کلیدی مقررین شرکت کریں گے، جن میں پروفیسر ڈاکٹر جگجیت سنگھ سرائے (کیمبرج یونیورسٹی، برطانیہ) پروفیسر آئی آر ڈاکٹر سہانا بنتی محمد سید (یونیورسٹی ملایا، ملائیشیا)،پروفیسر ڈاکٹر غلام معین الدین اور پروفیسر ڈاکٹر انجینئر این رامضان (یو ای ٹی لاہور)،پروفیسر ڈاکٹر انجینئر ایم علی قریشی (اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور)،ڈاکٹر عتیق الرحمٰن(وزارتِ منصوبہ بندی و ترقی، اسلام آباد)،ڈاکٹر محمد سلمان حیدر (نسٹ، اسلام آباد)،ڈاکٹر خرم جویا (سی ای او، انسٹی ٹیوٹ آف نیو ہورائزن) شامل ہیں ۔ معلوم ہو اہے کہ کانفرنس کے پیٹرن ان چیف اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان پروفیسر ڈاکٹر توصیف ایزد، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر عاصم عمر، اور کنوینر انجینئر محبوب عادل کی زیر نگرانی رجسٹریشن کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے، رجسٹرار عاصم عمر کے مطابق کانفرنس کے دوران پیش کیے جانے والے بہترین معیار کے تحقیقی مقالے (Papers) ایم این ایس یو ای ٹی کے اپنے جرنل میں شائع کیے جائیں گے۔ کانفرنس کے لیے شرکاء کی آمد 15 جون کو ہوگی جبکہ باقاعدہ سیشنز 16 اور 17 جون کو منعقد ہوں گے۔







