اداکاراؤں کے جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس فراڈ واقعات میں خطر ناک اضافہ

ملتان (رپورٹ: شاہد صدیق)پاکستانی اداکاراؤں کو سوشل میڈیا پر جعلی اکاؤنٹس کا سامنا، مداحوں اور رشتہ داروں سے فراڈ کے واقعات میں اضافہ،پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکاراؤں کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ایک دو دھاری تلوار ثابت ہو رہے ہیں۔ایک طرف یہ پلیٹ فارمز مداحوں سے براہِ راست رابطے کا ذریعہ ہیں، تو دوسری طرف نامعلوم افراد کی جانب سے بنائے جانے والے جعلی (فیک) اکاؤنٹس ان کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔ حالیہ مہینوں میں نہ صرف ان جعلی اکاؤنٹس کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے بلکہ ان کے ذریعے فراڈ کے واقعات بھی بڑھے ہیں، جن میں اداکاراؤں کے قریبی رشتہ داروں اور مداحوں سے رقم بٹورنے کے معاملات خاص طور پر قابلِ ذکر ہیں۔جعلی اکاؤنٹس بنانے والے افراد عموماً معروف اداکاراؤں کی شناخت استعمال کرتے ہیں۔ وہ ان کی ہی تصاویر، بائیو اور پوسٹس کاپی کرکے ایک سرتاپا جعلی پروفائل تیار کرتے ہیں۔ اس کے بعد یہ جعلی اکاؤنٹس اداکارہ کے مداحوں، جاننے والوں یا ان کے رشتہ داروں کو میسج کرتے ہیں۔جعلی اکاؤنٹ سے اکثر یہ پیغام بھیجا جاتا ہے کہ اداکارہ کسی چیریٹی، بیمار بچے یا غریب خاندان کی مدد کے لیے رقم جمع کر رہی ہیں۔ مداح جذبات میں آکر آسانی سے رقم منتقل کر دیتے ہیں۔ اداکارہ کے کسی قریبی رشتہ دار (والدین، بہن بھائی) کو ہی نشانہ بنایا جاتا ہے۔ جعلی اکاؤنٹ سے انہیں بتایا جاتا ہے کہ اداکارہ کسی ہسپتال میں ہیں یا ان کا اکاؤنٹ بلاک ہو گیا ہے، اس لیے ان کے نام پر رقم بھجوانے کی ضرورت ہے۔سوشل میڈیا فراڈ کا دائرہ صرف جعلی اکاؤنٹس تک محدود نہیں رہا۔ رپورٹس کے مطابق متعدد معروف اداکاراؤں کے بینک اکاؤنٹس بھی ہیک کیے جا چکے ہیں۔ ہیکنگ کے ذریعے ان کے اکاؤنٹس سے رقم نکالنے یا ان کی ذاتی معلومات چوری کرکے بلیک میل کرنے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔ اگرچہ متاثرہ اداکاراؤں نے عوامی طور پر اس حوالے سے تفصیلات شیئر کرنے سے گریز کیا، ذرائع کے مطابق کچھ کو پانچ سے دس لاکھ روپے تک کا مالی نقصان بھی پہنچایا جا چکا ہے۔جرائم کے ان بڑھتے ہوئے واقعات کے پیشِ نظر متعدد اداکاراؤں اور اداکاروں نے وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ سے باضابطہ شکایات درج کروائی ہیں۔ ان شکایات میں جعلی اکاؤنٹس کو بلاک کرنے اور فراڈ کرنے والوں کی نشاندہی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ تاہم، اطلاعات ہیں کہ تھوڑے بہت کیسز میں شکایت کنندگان کو ریلیف ملا ہے، لیکن مجموعی صورتِ حال میں کوئی خاص بہتری نہیں آئی۔ خود متاثرہ اداکاراؤں کے مطابق، جیسے ہی ایک جعلی اکاؤنٹ رپورٹ کر کے بند کروایا جاتا ہے، دوسرا یا تیسرا نیا اکاؤنٹ فوری طور پر فعال ہو جاتا ہے۔اداکاراؤں نے ان فراڈ سے بچاؤ کے لیے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر مسلسل آگاہی پیغامات جاری کیے ہیں۔ انہوں نے اپنے مداحوں اور رشتہ داروں کو واضح طور پر بتایا ہے کہ وہ خود کبھی بھی رقم، تحائف یا ذاتی معلومات کا مطالبہ نہیں کرتیں۔ کئی اداکاراؤں نے ویڈیو پیغامات بھی ریکارڈ کروائے ہیں تاکہ جعلی آڈیو/ویڈیو کلپس کے ذریعے بھی کوئی دھوکہ نہ ہو سکے۔لیکن افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ ان تمام تر کوششوں کے باوجود جعلی اکاؤنٹس کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔ ہر روز نئے اکاؤنٹس سامنے آ رہے ہیں، اور معصوم مداح دھوکے کا شکار ہو رہے ہیں۔اس سلسلے کی سب سے تازہ مثال پاکستانی اسٹیج کی معروف اداکارہ سنبل خان ہیں۔ چند روز قبل ہی انہوں نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اپنے نام سے بنائے گئے ایک اور جعلی اکاؤنٹ کے حوالے سے شدید تشویش کا اظہار کیا۔سنبل خان نے واضح کیا کہ ان کا کوئی متبادل یا جعلی اکاؤنٹ نہیں ہے اور وہ صرف ایک مصدقہ اکاؤنٹ کے ذریعے ہی مداحوں سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جعلی اکاؤنٹ سے ان کے کچھ مداحوں اور رشتہ داروں کو پیغامات بھیجے جا رہے ہیں جن میں مختلف بہانوں سے رقم مانگی جا رہی ہے۔ انہوں نے اپنے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ اس طرح کے کسی بھی اکاؤنٹ کی نشاندہی کریں اور فوری طور پر رپورٹ کریں۔سنبل خان نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے اس حوالے سے اپنے قانونی مشیروں کو بھی آگاہ کر دیا ہے اور سائبر کرائم میں بھی شکایت درج کروانے کے لیے ضروری معلومات جمع کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق: “یہ نہ صرف میری ذاتی شناخت کے ساتھ کھلواڑ ہے بلکہ معصوم لوگوں کی جیب پر حملہ ہے۔ ہمیں اس کے خلاف سخت ایکشن لینا ہوگا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل معروف اداکاراؤں میں ارم خان، دیدار ملتانی، آئمہ خان ،اقصیٰ ملک، ایمان شاہ ، انسہ ملتانی کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ہیک ہونے کی شکایات کا سامنا ہے اور اس حوالے سے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو ان شکایات کے ازالے کے لیے فوری اقدامات کا پابند بنائیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں