آئی یو بی نادہندہ، ایف بی آر کاروائی، تمام اکاؤنٹس خالی، 40 کروڑ نکال لئے، نیا مالی بحران

ملتان (سٹاف رپورٹر) کرپشن، اقربا پروری، مبینہ طور پر رشوت لے کر ضرور ت سے کہیں زیادہ بھرتی کرکے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کو شدید قسم کے مالی خسا ر ے میں مبتلا کرنے والی سابق انتظامیہ کی حرا م خوری کی سزا اب تک بہاولپور کی یہ معروف یونیورسٹی بھگت رہی ہے۔ دو روز قبل فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس کی مد میں طویل عرصے سے بار بار یاد دہانیوں کے باوجود ایک پائی بھی جمع نہ کروانے پر آخری نوٹس دینے کے بعد یونیورسٹی کے تمام بینک اکاؤنٹس سے اپنے قانونی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ساری کی ساری رقم نکال لی اور اس وقت صورتحال یہ ہے کہ یونیورسٹی کے تمام بینک اکاؤنٹس مکمل طور پر خالی ہو چکے ہیں اور یونیورسٹی کے لئے تنخواہیں دینا تو بہت مشکل، پنشن اور روزمرہ کے دیگر اخراجا ت چلانا بھی ناممکن ہو گیا ہے۔ انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی انتظامیہ ملازمین کی تنخواہوں میں سے ٹیکس کی کٹوتی تو باقاعدگی سے کرتی رہی مگر اسے نجی بینکوں میں رکھ کر خود منافع لیتی رہی اور ٹیکس جمع نہ کرایا جاتا رہا۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے ٹھیکے داروں اور وینڈروں کے ساتھ بھی یہی برتاؤ رکھا اور ان کی ادائیگیوں میں سے 16 فیصد کے حساب سے سرکاری ٹیکس کی کٹوتی ہر چیک پر کی جاتی رہی مگر ایف بی آر کے اکاؤنٹ میں یہ جمع نہ کرائی جاتی۔ ایف بی آر کی طرف سے یونیورسٹی کو کئی بار نوٹس دیئے گئے ہیں مگر یونیورسٹی نے کسی بھی نوٹس کی پرواہ نہ کی۔ مالی سال کے آخری دنوں میں ایف بی آر نے اپنا ٹارگٹ پورا کرنا ہوتا ہے تو چند روز قبل اسلامیہ یونیورسٹی انتظامیہ کو ایف بی آر کی طرف سے حتمی نوٹس ملا کہ انکم ٹیکس کی مد میں تمام رقم جمع کروائی جائے جو کہ 60 کروڑ روپے سے زائد تھی مگر اس حتمی نوٹس کی بھی یونیورسٹی انتظامیہ نے پرواہ نہ کی جس پر دو روز قبل ایف بی آر نے اپنے خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی طرف سے تمام بینکوں میں جمع شدہ رقم نکلوا کر ایف بی آر کے اکاؤنٹ میں جمع کروا کر یونیورسٹی کے تمام اکاؤنٹ زیرو کر دیئے کیونکہ قانون کے مطابق ایف بی آر کے پاس یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ کسی بھی ادارے کا بینک اکاؤنٹ اپنے ساتھ منسلک کرکے اس میں سے رقم نکلوا سکتے ہیں اور اس اختیار کا استعمال کرتے ہوئے ایف بی آر نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے تمام اکاؤنٹس خالی کر دیئے۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے 40 کروڑ روپے سے زائد رقم اسلامیہ یونیورسٹی کے مختلف بینکوں سے نکلوا لی ہے مگر اب بھی ٹیکس کی مزید رقم واجب الوصول ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں