خانیوال،ملتان(قوم نیوز )ملتان میں ریلوے ٹاورگرنے کے بعد ایک ہفتے میں دوسراحادثہ پیش آگیا،خانیوال سٹیشن پر ریلوے پل گرگیا،ایس ٹی جاں بحق،خاتون زخمی ہو گئی ، و ز یر ر یلو ے نے3 ا فسروں کومعطل کردیا۔تفصیل کے مطابق گزشتہ روز پلیٹ فارم سے ملحقہ ریلوےسٹیشن میں داخل ہونے کے لیے قیام پاکستان سے قبل 1865 میں بنایا گیا ریلوے پل کا بڑا سلیب اچانک زمیں بوس ہوگیا جس سے ایس ٹی محمد اکرم موقع پر ہی شہید ہو گیاجب کہ ایک خاتون زخمی ہو گئی۔ریلوے حکام کی غفلت کے باعث یہ واقعہ پیش آیا۔ اس خستہ حال ریلوے پل کی بار بار نشاندہی کی جاتی رہی مگر اعلیٰ حکام کےکانوں پر جوں تک نہ رینگی اور پلیٹ فارمز سے ٹکٹ لے کر سٹیشن تک اور ٹرین سے اتر کر باہر آنے کے لیے یہ ہی پل واحد راستہ تھا اور کوئی متبادل راستہ نہ ہونے کے باعث مسافروں اور ملازمین کو اسی خطرناک پل سے گزرنا پڑتا تھا۔حادثے کے نتیجے میں ریلوے ایس ٹی ملازم محمد اکرم جو کہ لاہور سے تعلق رکھتے تھے بھاری بھرکم پل کے نیچے آ کر شہید ہو گئے جبکہ ایک خاتون زخمی ہوئی۔ زخمی خاتون کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال خانیوال منتقل کر دیا گیا ۔ریلوے حکام کے مطابق حادثے کے بعد پل کو مسافروں کی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا ہےجب کہ جاں بحق ہونے والے ملازم کی نعش کو قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاہور روانہ کر دیا گیا۔دریں اثناوفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے 3 افسر معطل کر دیئے۔وفاقی وزیر نے پل گرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے گریڈ 18 کے ڈویژنل انجینئر عابد رزاق، گریڈ 17 کے اسسٹنٹ انجینئر راجہ یوسف اور گریڈ 16 کے انسپکٹر برِج ملتان محمد عادل کو معطل کر دیا جبکہ سی ای او ریلوے، آئی جی ریلوے اور ڈی ایس لاہور پر مشتمل انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ریلوے نے معاملے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کر دی جبکہ اس حوالے سے سی ای او ریلوے، آئی جی ریلوے اور ڈی ایس لاہور پر مشتمل انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
