گھوٹکی: پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی جام مہتاب حسین ڈہر کے قافلے پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ان کے محافظ ظفر ڈہر جاں بحق اور تین افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق، واقعہ تھانہ کینجھو کی حدود لنک روڈ کینجھو نزد بٹڑی واہی میں پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے جام مہتاب حسین ڈھر کی گاڑی پر حملہ کیا۔ خوش قسمتی سے جام مہتاب حسین ڈھر حملے میں محفوظ رہے۔
فائرنگ کے نتیجے میں ان کے قریبی دوست اسد شاہ، ڈرائیور اختر پٹھان، اور چنیسر دوندھو زخمی ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو اور ڈی ایس پی اوباوڑو عبدالقادر سومرو بھاری نفری کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
زخمیوں کو فوری طور پر ڈھرکی اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ علاقے میں سخت سرچ آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ کو ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی ہے۔
